
“سالسا کی ملکہ” کہلانی والیں آنجہانی سیلیا کروز کے نام سے عام طور پر کوارٹر کہلانے والا 25 سینٹ کا ایک نیا امریکی سکہ جاری کیا جائے گا۔ وہ اپنے بھڑکیلے کپڑوں اور گرجدار آواز اور سالسا گانوں کے دوران اونچی آواز میں [ہسپانوی زبان کے لفظ] “ایزوکار’ کا نعرہ بلند کرنے کے لیے مشہور تھیں۔
یہ سکہ 2024 میں جاری کیا جائے گا۔ اس سکے کا اجرا امریکی ٹکسال کے “امیریکن ویمن کوارٹرز پروگرام” کے تحت جاری کیے جانے والے سکوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اِن سکوں کے اجرا سے ملک کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے اور خدمات سرانجام دینے والیں خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ کروز پہلی افریقی نژاد لاطینی شخصیت ہیں جس کی تصویر امریکی سکوں یا نوٹوں پر دکھائی دے گی۔
کروز 1925 میں کیوبا کے شہر ہوانا میں پیدا ہوئیں۔ کاسترو کی مطلق العنان حکومت کے اقتدار پر قبضے کے بعد وہ 1961 میں ترک وطن کر کے امریکہ آ گئیں اور امریکی شہری بن گئیں۔
کروز امریکہ میں آکر ریاست نیوجرسی میں آباد ہوگئیں اور وہ نیویارک شہر کے کریبین تارکین وطن کے اکثریتی علاقے کی اُس کمیونٹی میں شامل ہو گئیں جہاں سے امریکہ میں سالسا کے عروج کی ابتدا ہوئی۔
انہوں نے ایسے گانے ریکارڈ کرائے جو اُن کی کیوبائی شناخت اور عظیم تر لاطینی امریکہ کی ثقافت کا پتہ دیتے ہیں۔ کروز کا شمار اُن چند ایک خواتین میں ہوتا ہے جنہوں نے مردوں کی اکثریت والے سالسا گلوکاری کے شعبے میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔
اُن کا اپنے گانوں کے دوران “ایزوکار’ [ہسپانوی زبان کا لفظ جس کامطلب چینی ہوتا ہے] کا مشہور نعرہ کیوبائی ثقافت کے اظہار کے ساتھ ساتھ گنے کے کھیتوں میں کام کرنے والے غلام بنائے گئے افریقی نژاد کیوبائی لوگوں کے وجود کا اعتراف بھی ہوتا تھا۔
کروز نے 70 سے زیادہ البم ریکارڈ کروائے، تین گرامی اور چار لاطینی گرامی جیتے۔ اُن کا 2003 میں نیو جرسی میں 77 سال کی عمر میں انتقال ہوا۔