کیلی فورنیا میں قائم ایک امریکی کمپنی گھانا کے دیہی علاقوں سے کووِڈ-19 کے ٹسٹوں کے نمونوں کو ملک کے دو بڑے شہروں کی لیبارٹریوں میں پہنچانے کے لیے ڈرون استعمال کر رہی ہے۔
بین الاقوامی سطح پر کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے لیے میدان میں نکلنے والی بہت سی نجی امریکی کمپنیوں کی ایک مثال، زپ لائن انٹرنیشنل انک ہے۔ میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق کووِڈ-19 کے ٹسٹوں کی خاطر لیے جانے والے نمونوں کو لے جانے کے لیے ڈرون پہلی مرتبہ استعمال کیے جا رہے ہیں۔
زپ لائن نیوی گیٹر کے بغیر اڑنے والے خود مختار ڈرون استعمال کرتے ہوئے گھانا کے دور دراز علاقوں میں پھیلے صحت کے 1,000 سے زائد مراکز میں ٹسٹ کِٹوں سے بھرے ڈبوں کو پیرا شوٹ کے ذریعے گراتی ہے۔ تجزیے کے لیے نمونوں کو لے کر یہ ڈرون گھانا کے دو شہروں یعنی عکرہ اور کماسی میں پہلے سے منتخب کردہ مقامات پر پہنچاتے ہیں۔
@zipline CEO @KellerRinaudo:“Zipline is already scaled in other countries, and we're standing by, ready to help the United States meet the challenge of #COVID19.”https://t.co/5GmC2ABmie
— Zipline (@zipline) April 23, 2020
کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کیلر ریناڈو نے ٹوئٹر پر کہا، “یہ بھی پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ زپ لائن شہری ہسپتالوں کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔ ہم اب ہر روز زندگی پہنچانے والی دواؤں کو گنجان آباد شہروں میں پہنچا رہے ہیں۔”
زپ لائن اس سے پہلے روانڈا کے دیہی علاقوں میں خون کے یونٹ پہنچانے کے لیے روانڈا کی حکومت کے تعاون سے ڈرون ٹکنالوجی استعمال کر چکی ہے۔
ریناڈو کا کہنا ہے کہ گھانا میں مشنوں کی کامیابی زپ لائن کے آنے والے ہفتوں میں دیگر ممالک میں بھی یہ کام شروع کرنے کے لیے امید دلاتی ہے۔
انہوں نے ٹوئٹر پر کہا، “ایک نئے عالمی خطرے کے لیے نئے عالمگیر طریقوں کی ضرورت ہے۔”
کورونا وائرس کے بحران سے پیدا ہونے والی مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے نئے حالات سے مطابقت پیدا کرنے والی کمپنیوں میں زپ لائن بھی شامل ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق:
- کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے ایام میں ریٹائرڈ افراد کی بستیوں میں نسخوں کے ذریعے حاصل کی جانے والی دوائیں پہنچانے کے لیے فلوریڈا میں ڈرون کی ایک نئی کمپنی میٹرنیٹ، یونائٹڈ پارسل سروس یعنی یو پی ایس کے ساتھ شراکت کاری کر رہی ہے۔
- مقامی آبادیوں میں عوام تک محفوظ طریقے سے کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی اقدامات کے بارے میں معلومات پہنچانے کی غرض سے، کیلی فورنیا میں سین پابلو کا محکمہ پولیس “امپوسبل ایرو سپیس” کمپنی کے تیار کردہ ڈرون استعمال کر رہا ہے۔