ممکن ہے کہ آپ کو یہ پڑھایا گیا ہو کہ دنیا میں پانچ سمندر ہیں۔

وزیرِ خارجہ جان کیری اس نظریے کو چیلنج کر تے ہیں اور نقشہ نگاروں کی کھینچی ہوئی لکیروں سے بالاتر ہو کر سوچتے ہیں۔ ان کے خیال میں سمندر ایک ہی  ہے جو ہمارے سیارے کے تین چوتھائی حصے پر محیط ہے۔  یہ سمندر زندگی کے لیے ضروری ہے لیکن اسے انسانی سرگرمیوں سے جتنا خطرہ آج  درپیش ہے، اتنا پہلے کبھی نہیں تھا۔

کیری کا کہنا ہے،  “یہ سمندر بڑا اور عظیم  ہے۔ اس میں اپنے پیر ڈالنا، اور اس میں تیرنا اور اس کے ساحلوں پر جا کر لطف اٹھانا،بہت اچھا لگتا ہے، مگرآج، اس کو تحفظ  درکار ہے۔”

اس سال، دنیا کے سینکڑوں لیڈر 15 اور 16 ستمبر کو سمندر کے مسائل کے بارے میں Our Ocean Conference  یعنی “ہمارا سمندر”  کے عنوان سے  ہونے والی تیسری کانفرنس کے لیے واشنگٹن میں امریکہ کے محکمۂ خارجہ میں جمع ہوں گے تا کہ ایسے طریقے ڈھونڈے جا سکیں جن کے ذریعے اس انتہائی اہم وسیلے کو آلودگی، غیرقانونی اندھادھند ماہی گیری اور کاربن کے اخراجوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔

کانفرنس کے شرکاء، سیاسی اور ماحولیاتی لیڈروں، مشہور شخصیتوں اور سمندر سے متعلق اگلی نسل کے لیڈروں کے ساتھ سر جوڑ کر اُن انتہائی اہم مسائل پر غور و خوض کریں گے جو ہمارے سمندر کو درپیش ہیں۔

“ہمارا سمندر” کے موضوع  پر ہونے والی کانفرنس کے متوازی جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں لیڈرشپ سمِٹ  [قیادت کی چوٹی کی کانفرنس] چل رہی ہوگی جس میں دنیا بھر کے ممالک کی یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے 150 طالب علم بیٹھ کرعالمی سطح پر کارروائیوں کو مہمیز دینے کی حکمت عملیاں تیار کریں گے۔ اس پروگرام کے دوران، آرٹسٹس اورجدت طراز لوگ، سمندر سے برآمد کیے گئے پلاسٹک سے بنائےگئے مجسمے، سمندر کے بارے میں فلمیں اور جدید ٹیکنالوجیاں  پیش کریں گے۔

اگر آپ پہلے سے ہی سمندر کی حفاظت کے لیے سرگرمِ عمل ہیں، تو سمندر کے بارے میں 1,000 اقدامات کے ذریعے   اپنے کام کے بارے میں بتائیے۔ اس پروگرام میں شامل کچھ لوگوں کو کانفرنس میں نمایاں طور پر پیش کیا جائے گا۔

آپ اس کانفرنس کی کارروائی کو #OurOcean  اور @StateDeptOES پر دیکھ سکتے ہیں۔