ہماری اقدار زندہ ہیں: 9/11 کی برسی پر صدر کا بیان

صدر ٹرمپ نے امریکہ پر دہشت گرد حملوں کی 16ویں برسی مناتے ہوئے کہا کہ 11 ستمبر کی “اُس تاریک گھڑی میں ہم مقصد کی تجدید کے لیے اکٹھے ہوگئے۔”

صدر پینٹاگون میں واقع 9/11  کی یادگار پر تقریر کر رہے تھے۔ یہ یادگار اُن تین مقامات میں سے ایک پر واقع ہے جسں پر 11 ستمبر 2001 کو حملہ کیا گیا تھا۔ اسی دن پہلے انہوں  نے اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے عین اُس وقت وائٹ ہاؤس میں ایک لمحے کی خاموشی اختیار کی جس لمحے ایک اغوا شدہ طیارہ نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سنٹر سے ٹکرایا تھا۔ نائب صدر پینس نے ریاست پینسلوینیا کی سمرسیٹ کاؤنٹی میں واقع حملے کے تیسرے مقام  پر، 9/11 کی یاد میں منعقد کی جانے والی ایک تقریب میں شرکت کی۔

ٹرمپ نے پینٹا گان میں اِس حملے میں بچ جانے والوں، اپنے پیارے کھو دینے والے خاندانوں، فوجی جوانوں اور سرکاری اہلکاروں کے ایک اُداس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “ہم اُن کا سوگ مناتے ہیں، ہم اُن کا احترام کرتے ہیں، اور ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم اُنہیں کبھی بھی نہیں بھولیں گے۔”

وزیر خارجہ ریکس ٹِلرسن نے بھی پینٹا گان میں ہونے والی اس تقریب میں شرکت کی۔ اُنہوں نے کہا، “اُن کی اُس دن کی جراًت، امریکی عوام کی بدی کے مقابلے میں کردار کی ایک مثال بن گئی ہے۔”

صدر نے اپنی تقریر میں اُن 50 لاکھ نوجوان مردوں اور عورتوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 11 ستمبر 2001 کے بعد یہ یقینی بنانے کے لیے امریکی افواج میں شمولیت اختیار کی کہ دہشت گردوں کو [ہمارے] ملک کے خلاف حملے کرنے کے لیے محفوظ پناہ گاہیں میسر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا، “امریکہ جھکتا نہیں ہے۔ ہم جھجکتے نہیں ہیں۔ اور ہم کبھی بھی سرنگوں نہیں ہوں گے۔”