ہوا کے معیار کا نیا امریکی ایپ : صارفین کے آلودگی سے بچنے میں مددگار

سکرین پر زیف ایئر ایپ پر ہوا کی علامت اور دور کے پہاڑوں کا تصویری خاکہ۔ (State Dept.)
سکرین پر زیف ایئر ایپ پر ہوا کی علامت اور دور کے پہاڑوں کا تصویری خاکہ۔ (State Dept.)

امریکہ موبائل فون کے ایک ایسے نئے ایپ کے ذریعے دنیا کے درجنوں شہروں میں لوگوں کو اپنے آپ کو خطرناک آلودگی سے محفوظ رکھنے میں مدد کر رہا ہے جو ہوا کے معیار سے متعلق درست، اور تازہ ترین معلومات فراہم کرتا ہے۔

امریکہ کے محکمہ خارجہ نے حال ہی میں "زیف ایئر” نامی ایک موبائل ایپ کا اجرا کیا۔ یہ ایپ صارفین کو ہوا کے معیار کے ڈیٹا اور صحت سے متعلق مشوروں کے بارے میں ملی جلی معلومات مہیا کرتا ہے۔ صارفین اس ایپ کو ہوا کے معیار میں تبدیلیوں کے بارے میں انتباہات حاصل کرنے اور روزمرہ یا ہفتہ وار ڈیٹا دیکھنے کے لیے سیٹ کر سکتے ہیں۔

ایپل اور گوگل پلے سٹوروں پر ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب یہ ایپ صارفین کو 70 سے زائد امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں یا درجنوں ممالک میں واقع شراکت کار تنظیموں کے ہوا کے معیار کی نگرانی کرنے والے مقامات کے ساتھ جوڑتا ہے اور ہوا کے معیار سے متعلق ڈیٹا پر نظر رکھتا ہے اور اسے عام لوگوں میں تقسیم کرتا ہے۔

بیجنگ میں امریکی سفارت خانے نے شہر کی ہوا کے معیار کی نگرانی کرنے اور اس کے بارے میں بتانے کے کام کا آغاز 2008ء میں کیا۔ اس کے نتیجے میں چینی حکومت نے ہوا کے معیار کی نگرانی کرنے والے معیارات کو مضبوط بنایا۔

ہوا کا معیار دکھانے والا نقشہ اور اعداد (State Dept.)
زیف ایئر کے ایپ میں عابد جاں میں ہوا کا معیار دکھایا گیا ہے۔ (State Dept.)

ہوا کی آلودگی دنیا میں اموات کی ایک بڑی وجہ ہے اور یہ دمے اور حرکت قلب بند ہونے اور فالج جیسی دل سے جڑی بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔ ایک حالیہ جائزے سے پتہ چلا ہے کہ 2019ء میں ہوا کی آلودگی دنیا بھر میں 67 لاکھ اموات کا سبب بنی۔

حالیہ دہائیوں میں بہت سے ممالک نے ہوا کے معیار کو بہتر بنایا ہے۔ امریکہ کے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کے مطابق، ہوا کے معیار سے متعلق انتظام کاری کی پالیسیوں اور ٹکنالوجی میں بہتری کے نتیجے میں 2000 سے لے کر 2018 تک صحت کو سب سے زیادہ متاثر کرنے والے آلودگی پھیلنے والے مہین ذرات کے مادے میں 39 فیصد کمی آئی ہے۔

اب زیف ایئر ایپ کی مدد سے دوسرے ممالک کے شہری بھی اس کامیابی میں شریک ہو سکتے ہیں۔ زیف ایئر کے ذریعے صارفین ماحولیات کے تحفظ کے ادارے کے ہوا کے معیار کے اشاریے سے منسلک ہو سکتے ہیں جس میں ہوا کے معیار کے درجے مختلف رنگوں میں دکھائے جاتے ہیں اور وہ  اپنے محل وقوع  کے حساب سے ہوا کی آلودگی سے بچنے کے لیے تجویز کردہ سفارشات کو دیکھ سکتے ہیں۔

امریکہ کی زیف ایئر کی تیاری کی جزوی وجہ یہ تھی کہ بہت سی جگہوں پر ہوا کے معیار کا قابل بھروسہ اور فوری ڈیٹا ڈھونڈنا مشکل ہوتا ہے۔ اس ایپ کی مستقبل میں آنے والی شکلوں میں مزید شہروں کا ڈیٹا ڈالنے کے ساتھ ساتھ مصنوعی سیاروں سے حاصل ہونے والا ڈیٹا اور ہوا کے معیار کے بارے میں پیشین گوئی کے طریقوں کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔