ہونڈوراس کے ایک شہری نے اپنے ملک میں ہی اپنا مستقبل بنایا

 دو بچوں اور ایک آدمی نے ہاتھوں میں کتابیں پکڑی ہوئی ہیں۔ (Courtesy of Julio Paz)
بچوں اور نوجوانوں میں کتابیں پڑھنے کو فروغ دینے کے لیے جولیو پاز نے ایک چھوٹی سی کمیونٹی لائبریری بنائی ہے۔ (Courtesy of Julio Paz)

جولیو پاز نوکری کے لیے بہت پریشان تھا۔ اس نے تین بار امریکہ آنے کی ناکام کوشش کی۔ پھر اسے ایک بہتر راستہ مل گیا۔

پاز کا تعلق  ہونڈوراس کے لیمپیرا ڈیپارٹمنٹ کے گوریتا کے علاقے سے ہے۔ اس نے ہائی سکول میں کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کی مگر یہ تعلیم نوکری حاصل کرنے کے لیے کافی نہ تھی۔ وہ اپنی یونیورسٹی کی تعلیم جاری رکھنا چاہتا تھا لیکن اس کا خاندان اس کی  رہائش، ٹرانسپورٹیشن، کتابوں کاپیوں کے اور دیگر اخراجات پورے نہیں کر سکتا تھا۔

ان حالات میں پاز نے کامیاب ہونے کا مصمم ارادہ کیا تاکہ وہ اپنے کنبے اور کمیونٹی کی خدمت کر سکے۔

وہ کہتا ہے کہ اس نے سوچا، “میں کیا کروں گا؟ ” مجھے نوکری ملنے کی زیادہ امید نہیں تھی کیونکہ ملازمت دینے والوں کو ہمیشہ تعلیم اور کام کا تجربہ درکار ہوتا ہے۔ یہی وجہ تھی کہ میں نے وہاں سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔ چونکہ میں ہمیشہ دوسری زبان سیکھنا چاہتا تھا، لہذا میں نے سوچا کہ اس مقصد کے لیے امریکہ جانا میرے لیے ایک اچھا موقع بن سکتا ہے۔

2017 میں اس کے شمال کی جانب سفر کرنے کا فیصلہ کرنے سے کچھ ہی دن پہلے اسے اپنے شہر میں یو یس ایڈ کی مدد سے چلنے والے ایک پروگرام کے بارے میں علم ہوا۔

پاز “یو ایس ایڈ کے ہنڈوراس لوکل گورننس انٹرنشپ فار انکلوژن پروگرام” میں شامل ہوگیا۔ یہ پروگرام اس جیسے ضرورت مند نوجوانوں کے لیے ہونڈوراس کے وسطی مغربی علاقے میں کام کا عملی تجربہ فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

ایک فرد کے لیے امید پوری کمیونٹی کے لیے امید

انٹرن شپ کے بعد پاز نے یو ایس ایڈ ہونڈوراس کے لوکل گورننس پروگرام میں نگرانی اور جائزے کا کام کرنے کے لیے “مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن (ایم اینڈ ای) کل وقتی اسسٹنٹ کی اسامی کے لیے درخواست دی اور انہیں ملازمت مل گئی۔ اب وہ 24 برس کی عمر میں کوپان کے ایک علاقائی دفتر میں کام کر رہا ہے۔

پاز نے کہا، “تنخواہ کی وجہ سے میں اپنا مستقبل سنوارنے اور اپنے خاندان کی کفالت کرنے کے قابل ہو گیا ہوں۔ میں گوریتا، لیمپیرا میں اپنے والدین  پر بوجھ نہ بننے میں کامیاب ہوا۔ میں اپنے ہم عمر ساتھیوں کے ساتھ رہتا ہوں۔ اس وجہ سے ہم اپنی زندگی کے ایک اہم دور میں ایک ساتھ ترقی کر رہے ہیں۔”

2019 میں اسے سی ایئٹل انٹرنیشنل فاؤنڈیشن اور ایل سلواڈور میں کرسٹوسل کے زیراہتمام  ہونے والے انسانی حقوق اور جبری نقل مکانی کے ایک ڈپلومہ پروگرام میں شریک ہونے کے لیے منتخب کیا گیا۔  اسی سال  اسے نوجوان اور نقل مکانی کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے لیے میکسیکو سٹی بھیجا گیا جبکہ 2020 کے اوائل میں اسے اسی کانفرنس میں ہونڈوراس کی نمائندگی کرنے کے لیے تیخوانا، میکسیکو مدعو کیا گیا۔

سفر جاری ہے

ایم اینڈ ای اسسٹنٹ کی حیثیت سے جولیو یو ایس ایڈ کی مغربی ہونڈوراس میں نوجوان کاروباری نظامت کاری اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے  کام میں مدد کرتا ہے۔

اس پراجیکٹ کے تحت 2017 سے لے کر 2019 تک، یو ایس ایڈ نے مغربی ہونڈوراس اور ٹیگوسیگالپا کے 70 سے زائد نوجوانوں کو تعلیمی اور عملی تجربے کی قابلیت حاصل کرنے اور اپنی مقامی کمیونٹیوں میں کام تلاش کرنے میں مدد کی۔ نئے مواقع سے نہ صرف نوجوانوں کی اپنی زندگی بہتر ہوتی ہے بلکہ ان کے خاندانوں اور کمیونٹی کے لوگوں کی زندگیاں بھی بہتر ہوتی ہیں۔

جولیو عزم اور استقامت کی ایک زندہ مثال ہے۔ اس نے اپنا راستہ خود بنایا اور پھر پلٹ کر نہیں دیکھا۔ ہونڈوراس میں اس کا مستقبل روشن ہے۔

یہ مضمون ایک مختلف شکل میں میڈیم میں پہلے شائع ہو چکا ہے۔ اس کا عنوان تھا: “استقامت کا ایک سفر:مہارتوں کی تربیت اور کام کے تجربے کی فراہمی کے ذریعے ہونڈوراس کے نوجوانوں کے کامیابی کے امکانات کو بڑہا کر ان کی

 کی صلاحیتوں کو پروان چڑہانا”