ہوورڈ یونیورسٹی کا چیڈ وِک بوزمین کے ورثے کو خراج عقیدت

ہوورڈ یونیورسٹی نے اپنے فائن آرٹس کے کالج کو سابق طالب علم، چیڈ وِک بوزمین کے نام  موسوم کرکے اسے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بوزمین اداکار تھے اور وہ اگست 2020 میں کینسر سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

2018ء کی بلیک پنتھر نامی مہماتی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کی وجہ سے بین الاقوامی شہرت پانے والے، بو زمین نے سن 2000 میں ہوورڈ  یونیورسٹی سے ہدایت کاری کے شعبے میں فائن آرٹس میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی تھی۔

تاریخی لحاظ سے اس سیاہ فام یونیورسٹی نے بوزمین کی آرٹس کے ساتھ وابستگی کا حوالہ دیتے ہوئے 26 مئی کو “چیڈ وِک اے بوزمین کالج آف فائن آرٹس” کے نئے نام کا اعلان کیا۔

ہوورڈ یونیورسٹی کے گریجوایٹ ہونے والے طلبا کی 2018ء  کی گریجوایشن تقریب میں تقریر کے دوران بوزمین نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنی کالج کی تعلیم کے سر باندھا۔  بوزمین نے کہا، “میں آج یہاں اس احساس کے ساتھ کھڑا ہوں کہ  جیکی رابنسن، جمیز براؤن، تھرگڈ مارشل اور  ٹی چیلا کے کردار ادا کرنے کے لیے مجھے ہوورڈ یونیورسٹی میں میری تعلیم نے تیار کیا۔”