ہیوسٹن میں شہر کی دیواروں پر بنائی گئیں متاثر کن تصاویر

دیوار پر بنی ایک لڑکی کی تصویر جو گھوڑے پر سوار ہے اور اس کے اوپر لفظ "آزادی" لکھا ہوا ہے (© @superkant and @CyVisualsMiami for @StreetArtMankind)
ہیوسٹن میں دیوار پر یہ تصویر آرٹسٹ وکٹر ایش بنائی ہے۔ (© @superkant and @CyVisualsMiami for @StreetArtMankind)

سماجی انصاف کا حامل آرٹ کا ایک عوامی پراجیکٹ دنیا بھر کے ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

ہیوسٹن نے نیویارک کی “سٹریٹ آرٹ فار مین کائنڈ” نامی غیرمنفعتی تنظیم کے زیرانتظام سڑکوں کے کنارے عمارتوں کی دیواروں پر بنائی گئی تصاویر کی نمائش کی میزبانی کی۔ یہ تنظیم  80 بین الاقوامی آرٹسٹوں کو انسانی حقوق پر مبنی دیواروں پر تصویریں بنانے اور بڑے شہروں کی مصروف راہداریوں پر نمائش کرنے میں مدد کر چکی ہے۔ اس کا مقصد توجہ حاصل کرنا اور کام کے لیے متحرک کرنا ہے۔

ہیوسٹن میں کمیونٹی کے رہنماؤں نے “بڑا آرٹ۔ بڑی تبدیلی۔” نامی موجودہ نمائش کے لیے آلودگی سے پاک توانائی، موسمیاتی تبدیلی، سماجی مساوات اور تعلیم کے موضوعات کا انتخاب کیا۔

امریکہ اور دیگر ممالک کے دس آرٹسٹوں نے شہر کی نو عمارتوں کی دیواروں پر جو تصویروں بنائیں ان کی مجموعی  لمبائی 1.5 کلومیٹر سے زیادہ بنتی ہے۔

“سٹریٹ آرٹ فار مین کائنڈ” نے منصوبہ بندی کرتے وقت شہر کے حکام اور “ورلڈ فوڈ پروگرام یو ایس اے” جیسی غیر منفعتی تنظیموں کے ساتھ شراکت کاری کی۔ آڈری اور تھیبو ڈیکر نے 2015 میں”سٹریٹ آرٹ فار مین کائنڈ” کی بنیاد مشترکہ طور پر رکھی۔ اِن دونوں کی نظریں بڑے شہروں میں راہگیروں کے مصروف راستوں کی تلاش میں لگی رہتی  ہیں۔

وہ اس بات پر زور د یتے ہیں کہ آرٹ سماجی تبدیلی کا ایک ذریعہ ہو سکتا ہے کیونکہ اس کی طاقت دیکھنے والوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کراتی ہے اور اہم مسائل کے بارے میں تنقیدی سوچ کو متحرک کرتی ہے۔

تھیبو ڈیکر نے 2021 میں شیئر امریکہ کو بتایا کہ “آرٹ ایک عالمگیر زبان ہے جو ہر معاملے میں سب نسلوں سے مخاطب ہوتی ہے۔ لہذا ہم اسے مثبت انداز میں استعمال کرنا چاہتے ہیں۔”

پچھلی نمائشوں کے لیے آڈری اور تھیبو ڈیکر نے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے موضوعات کو اجاگر کرنے پر بھی کام کیا۔

تھیبو ڈیکر نے کہا کہ “ہم سماجی تبدیلی کے لیے آرٹ پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ آرٹ میں عام طور پر ذہنوں، روحوں کو چھونے اور گفتگو کرنے کی طاقت ہوتی ہے۔”

اس سے پہلے کی نمائشوں میں بچوں سے لی جانے والی مشقت، صنفی مساوات، انسانی سمگلنگ اور عالمی بھوک پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔

 دیوار پر بنی پرندوں اور انسانی چہروں کی تصاویر (© @superkant and @CyVisualsMiami for @StreetArtMankind)
ہیوسٹن کی آرٹسٹ اینا میریٹا نے دیوار پر یہ تصویر بنائی (© @superkant and @CyVisualsMiami for @StreetArtMankind)