جگر کے ورم کے مرض یعنی وائرل ہیپاٹائٹس سے دنیا بھر میں 40 کروڑ لوگ متاثر ہوتے ہیں۔ یہ تعداد ایچ آئی وی سے متاثر ہونے والوں کے مقابلے میں 10 گنے سے بھی زیادہ ہے۔ لیکن جگر کی اس خطرناک بیماری میں مبتلا لوگوں کو شاید ہی کبھی پتہ چلتا ہو کہ انہیں یہ بیماری لگ چکی ہے۔
28 جولائی، ہیپاٹائٹس کا عالمی دن ہے۔ منتظمین نے اس عزم کا اعلان کیا ہے کہ 2030ء تک ہیپاٹائٹس کو صحتِ عامہ کے لیے ایک خطرے کی حیثیت سے ختم کر دیا جائے گا۔
وائرل ہیپاٹائٹس جگر کی سوجن کی بیماری ہے جو ایک وائرس کی وجہ سے پھیلتی ہے۔ ہیپاٹائٹس کے وائرس کی پانچ مختلف اقسام ہیں — ہیپاٹائٹس اے، بی، سی، ڈی اور ای۔ ان سب کی علامتیں ایک جیسی ہو سکتی ہیں، لیکن ان کے پھیلنے کا طریقہ الگ الگ ہوتا ہے، اور یہ جگر کو مختلف انداز سے متاثر کر سکتی ہیں۔
ماہرین جارجیا میں اپنی قسم کے ایک منفرد پروگرام پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جس کے تحت حکومتیں، دواساز کمپنیاں اور عام لوگ اس مرض کے خاتمے کے لیے 2015ء سے کام کر رہے ہیں۔ (جارجیا کا شمار دنیا میں ہیپاٹائٹس کے بلند ترین شرح والے ممالک میں ہوتا ہے۔)
یو ایس سینٹرز فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن [یعنی امراض پر قابو پانے اور اُن کی روک تھام کے امریکی مراکز] کے ساتھ مِل کر کام کرتے ہوئے، جارجیا کی حکومت نے ہیپاٹائٹس کی تشخیص اور اس سے بچاؤ کی کوششوں کو دارالحکومت سے بڑھا کر ملک کے دیگر17 مقامات تک پھیلا دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، ہیپاٹائٹس کی انتہائی موئثر دوائیں تیار کرنے والی کمپنی، Gilead Sciences نے پیشکش کی ہے کہ وہ جارجیا کے شہریوں کو دوائیں مفت فراہم کرے گی۔
See how we can make the elimination of viral #hepatitis our next greatest achievement: https://t.co/h8JRrNtQW4 #NoHep #CDCAroundtheWorld
— Dr. Robert R. Redfield (@CDCDirector) July 27, 2016
جارجیا کے متعدی بیماریوں، امراض کے خلاف انسانی جسم کے دفاع کے نظام اورایڈز کے تحقیقی مرکز کے سربراہ Tengiz Tsertsvadze کے مطابق، اب تک سامنے آنے والے نتائج شاندار ہیں۔ ان کا کہنا ہے، کہ اندازاً 9,000 لوگوں کا علاج شروع کیا گیا تھا، اِن میں سے “تقریباً 83 فیصد بالکل صحت یاب ہو چکے ہیں۔”
ورلڈ ہیپاٹائٹس الائنس کا کہنا ہے کہ جارجیا میں دور رس نتائج کی حامل جو کوششیں کی جا رہی ہیں، ان جیسی کوششوں سے 14 برس کے عرصے میں اندازً 71 لاکھ لوگوں کی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔
#WorldHepDay اور #NOhep مہم کو فالو کیجیے، اور ہیپاٹائٹس کو دنیا سے ختم کرنے کی کوششوں کے بارے میں صحت کی عالمی تنظیم سے مزید معلومات حاصل کیجیے۔