یوکرینی سائیکل سوار امریکہ اور کینیڈا میں امن کے سفر پر

جنگ میں حصہ لینے والے کئی ایک سابقہ افراد سمیت دس یوکرینی سائیکل سواروں کی ایک ٹیم 29 اگست کو واشنگٹں پہنچ رہی ہے۔ اُن کی آمد سے اُن کا تین ماہ کا امریکہ اور کینیڈا کا وہ سفر اپنے اختتام کو پہنچے گا جس کا مقصد روس کی سرپرستی میں مشرقی یوکرین میں عام شہریوں پر کیے جانے والے حملوں کے بارے میں آگاہی میں اضافہ کرنا ہے۔

اس ٹیم کے لیڈر اور مشرقی یوکرین میں جنگ میں شرکت کرنے والے کوسٹچین ٹین سیم چوک کا کہنا ہے، “سائیکل سواری کے ذریعے ہم لوگوں کو امن کے نام پر اپنی کہانیاں سناتے اور انہیں متحد کرتے ہیں۔ اس ٹیم نے اپنے سفر کا آغاز مئی میں لاس اینجلیس سے کیا اور امریکہ اور کینیڈا کی سرحد کے آر پار چلتے ہوئے شمال کی جانب بڑھے۔ اپنے دس ہزار کلومیٹر کے دلچسپیوں سے بھرپور سفر کے آخری مرحلے میں انہوں نے دوبارہ جنوب کا رخ کیا۔

Cyclists posing with banner and Ukrainian and U.S. flags (Courtesy of Chumak Way)
اوریگن میں ٹیم تصویر کھینچواتے ہوئے۔ (Courtesy of Chumak Way)

اُس علاقائی اصطلاح کی یاد میں جس کا تعلق یوکرینی تاجروں کے پرانے راستوں اور سفر کے دوران سنائی جانے والی داستانوں سے ہے، اس سفر کو “شمک وے” [شمک کے راستے] کا نام دیا گیا ہے۔ اس سفر کے دوران یہ سائیکل سوار سینکڑوں قصبوں اور شہروں سے گزرتے ہوئے یوکرین کے مشرقی علاقے ڈونباس میں ہونے والی لڑائی سے متعلق اپنے تجربات سے لوگوں کو آگاہ کرتے چلے آ رہے ہیں۔ مشرقی یوکرین میں روسی جارحیت کی وجہ سے 2014ء میں شروع ہونے والی اس لڑائی کے بعد سے اب تک 10,300 افراد ہلاک اور ہزاروں گھر، سکول اور ہسپتال تباہ ہوچکے ہیں۔

Cyclists on road wearing uniforms saying 'Ukraine' (© Norbert K. Iwan)
ٹیم کے لوگ کینیڈا میں اپنے سفر کے دوران سائیکلوں پر سوار۔ (© Norbert K. Iwan)

سیم چک نے بتایا، “دس ہزار کلومیٹر طویل سفر کی سائیکل سواری کے دوران ہمیں ‘شمک وے’ کو مقامی لوگوں اور حکومتی اہلکاروں کی جانب سے ملنے والی حمایت نے بہت متاثر کیا۔ ہم امن کی خاطر سائیکل چلاتے ہیں اور ہر کسی کو یاد دہانی کراتے ہیں کہ یوکرین کے خلاف فوجی جارحیت کو ہر صورت روکا جانا چاہیے۔”

سیم چک نے کہا، “یوکرین کو اپنے علاقے کے امن کے تحفظ کے لیے اپنی کاوشوں کے لیے امریکہ جیسے ممالک سے مدد کی ضرورت ہے۔ امریکی ہمارے مقصد کی حمایت کرتے ہیں اور بہت سے لوگوں نے ہمارے ساتھ سائیکلیں بھی چلائیں ہیں۔”

یوکرین نے 24 اگست کو اپنی آزادی کا جشن منایا۔ 1991ء میں اس دن یوکرین سویت یونین سے آزاد ہوا تھا۔ اس آزادی کی خوشی میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے یوکرینی عوام کو مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا، “امریکہ پوری ثابت قدمی سے روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کی حمایت کرتا ہے۔ ہم اُن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے یوکرین کی آزادی کے لیے جنگ لڑی اور قربانیاں دیں۔ ہم ایسے وقت میں یوکرین کی پشت پر کھڑے ہیں جب وہ خوشحالی، سلامتی، اور قانون کی حکمرانی کے لیے تبدیلی لانے کی خاطر اصلاحات نافذ کر رہا ہے۔”