یوکرین کا دفاع کرنا: “ریپئرنگ ٹوگیدر” رضاکار گروپ

یوکرین کے لوگ  اپنے ملک کی خود مختاری کے تحفظ  کے لیے دلیرانہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ شیئر امیریکا کی اس  سیریز میں یوکرین کے اِس جذبے کی مثال پیش کرنے والے غیرمعمولی افراد کا احوال بیان کیا جا رہا ہے۔

“ریپئر ٹوگیدر” [مل جل کر مرمت کرنا] نامی رضاکاروں کے گروپ کے نزدیک روس کے فوجی حملوں سے مچنے والی تباہی کے بعد ملبہ صاف کرنے کا کام کرنا  لازمی نہیں کہ تلخ ہی ہو۔

ریپئر ٹوگیدر کے رضاکار اپنے صفائی اور تعمیرنو کے کام میں موسیقی اور ڈانس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

ریپئر ٹوگیدر کے بانی دیما کرائپا نے کہا کہ “رضاکارانہ کاموں کو مفید ہونے کے علاوہ جزوی طور پر پرمسرت بھی ہونا چاہیے.”

تباہ شدہ عمارت میں رضاکار ایک فن کارہ کو اپنے فن کا مظاہرہ کرتا ہوا دیکھ رہے ہییں (© Vladislav Musienko/Reuters)
جولائی 2022 میں ایک فنکارہ اُس وقت اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی ہے جب ریپئر ٹوگیدر تنظیم کے رضاکار یاہیدنی، یوکرین میں واقع ہاؤس آف کلچر کی عمارت سے ملبہ صاف کر رہے تھے جسے روس کی فوج کے ایک حملے میں نقصان پہنچا تھا۔ (© Vladislav Musienko/Reuters)

اس گروپ نے فروری 2022 میں روس کے یوکرین پر مکمل حملے کے چند ماہ بعد کام کرنا شروع کیا۔ گروپ کے رضاکار بسیں لے کرچھوٹے چھوٹے قصبوں میں جاتے ہیں اور اُن دیہاتوں کا سروے کرتے ہیں جہاں نقصان بہت زیادہ ہوا ہوتا ہے اور مقامی وسائل محدود ہوتے ہیں۔

یہ ٹیمیں موقعے پر اپنا ساز و سامان لے جانے کے علاوہ موسیقی کا بندوبست بھی کرتی ہیں۔ ڈی جے ملبہ ہٹانے والے رضاکاروں کے لیے گانے بجاتے ہیں اور رضاکار ڈانس کرتے ہیں۔ کرائپا نے کہا کہ وہ شغل میلے والا ماحول بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

گھروں کے علاوہ لائبریریوں اور تھیٹروں جیسی عوامی عمارتوں کی تعمیرنو میں اب تک ہزاروں رضاکار حصہ لے چکے ہیں۔ یہ گروپ تعمیراتی سامان فراہم کرنے کی خاطر سامان سپلائی کرنے والی متعلقہ کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری  کا کام بھی کرتا ہے۔

رضاکار “ٹولوکا” نامی مقامی روایت کا احترام کرتے ہیں۔ اس روایت کے مطابق کمیونٹی کی فوری ضرورت کو پورا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے والے لوگ ایک جگہ اکٹھے ہوتے ہیں۔

ملبہ صاف کرتے ہوئے آدمی کا ہیولا (© Vladislav Musienko/Reuters).
ستمبر 2022 میں ایک رضاکار آئیونیوکا، یوکرین میں واقع ہاؤس آف کلچر سے ملبہ صاف کر رہا ہے جسے روس کی فوج نے نقصان پہنچایا تھا۔ (© Vladislav Musienko/Reuters)

 

جنگ سے پہلے تاتیانا بوریانووا نوجوانوں کے لیے پارٹیوں اور سیاحتی دوروں کا بندوبست کیا کرتی تھیں۔ اب وہ ریپئر ٹوگیدر کے رضاکاروں کے لیے سفری انتظامات کرتی ہیں۔ انہوں نے روزنامہ  دا گارڈین کو بتایا کہ “ہم ایک نیا یوکرین بنا رہے ہیں۔”

زیادہ تر رضاکاروں کا تعلق کیئف اور لیویو جیسے بڑے شہروں سے ہے۔ بڑے شہروں کے رہائشی اب پراجیکٹوں کے دوران چھوٹے شہروں کے لوگوں سے ملتے ہیں۔ بوریا نووا کا کہنا ہے کہ جنگ سے پہلے ایسا ملنا جلنا کبھی کبھار ہوا کرتا تھا۔

اس گروپ نے جرمنی، ہالینڈ، پرتگال، سلوواکیہ اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں کو بھی اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔

اس گروپ کے منتظمین میں شامل مرینا ربینا نے این پی آر [ریڈیو] کو بتایا کہ “کچھ لوگ کہتے ہیں بھول جائیں آپ لطف نہیں اٹھا سکتے۔ یہ جنگ ہے! لیکن میں کہتی ہوں ہم ایک اچھا کام کر رہے ہیں۔ ہم اس سے لطف اندوز کیوں نہیں ہو سکتے؟”

ایک تباہ شدہ عمارت سے ملبہ صاف کرن کے دوران رضاکار ڈانس کر رہے ہیں (© Vladislav Musienko/Reuters)
ستمبر 2022 میں آئیونیوکا، یوکرین میں واقع ہاؤس آف کلچر کی عمارت سے ملبہ صاف کرنے کے کام میں کیے جانے والے ایک وقفے کے دوران ریپئر ٹوگیدر کے رضاکار ڈانس کر رہے ہیں۔ (© Vladislav Musienko/Reuters)

ڈی جے اولیگزینڈر بوچنسکی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ “یہ سب لوگ نوجوان ہیں۔ انہیں اب بھی زندگی سے پیار ہے۔ مگر وہ درد محسوس کرتے ہیں اور جنگ کی وجہ سے بہت غمگین اور غصے میں ہیں۔ وہ اس تاریخی لمحے میں اپنا کردار ادا کرنے اور لوگوں کی مدد کرنے اور یوکرین کو ایک ایسا بہتر ملک بنانا چاہتے ہیں جہاں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ ہو۔”

ریپئر ٹوگیدر کا بھرپور رضاکارانہ جذبہ پھلتا جا رہا ہے۔ گاؤں کے لوگ رضاکاروں کے لیے کھانے پینے کا سامان لاتے ہیں۔ موسیقار اپنے فن کا مفت میں مظاہرہ کرنے پر تیار رہتے ہیں کیونکہ وہ اس میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔

رضاکاروں کی منتظمہ اوکسانا ہز نے روزنامہ واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ “میرے خیال میں اس سے صرف گھروں کی مرمت ہی نہیں ہو رہی بلکہ ہم اپنے آپ کو بھی ٹھیک کر رہے ہیں۔”