(State Dept./D.Thompson)

 یوکرین کے دلیر شہری روس کی جارحیت کے مقابلے میں اپنے ملک کی آزادی کے دفاع میں مدد کرنے کے لیے غیرمعمولی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ شیئر امیریکا کی اس  سیریز میں یوکرین کے اِس ناقابل تسخیر جذبے کی مثالیں پیش کرنے والے  افراد کا احوال بیان کیا جا رہا ہے۔

2014 میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روس نے ڈونباس کے علاقے سمیت یوکرین پر حملہ کر دیا۔ اس وقت یانا زنکے وِچ ہائی سکول میں پڑھتی تھیں۔ وہ ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں تاکہ وہ اپنے محصور ملک کی مدد کرنے میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

کار کی کھلی ہوئی کھڑکی سے دکھائی دینے والی عورت (© Viacheslav Ratynskyi/Reuters)
‘ہاسپیٹلرز’ نامی تنظیم کی بانی، یانا زنکے وِچ 20 اپریل 2022 میں کیئف، یوکرین میں (© Viacheslav Ratynskyi/Reuters)

گریجوایشن کے بعد انہوں نے یوکرین کی رضاکاروں کی جماعت میں شمولیت اختیار کر لی جس میں انہیں طبی امداد مہیا کرنے کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ اُس وقت تصادم کے شکارعلاقوں میں طبی کارکنوں کی ایک تھوڑی سی تعداد کام کیا کرتی تھی۔

انہوں نے جریدے دا نیو یارکر کو بتایا کہ اُس وقت “زخمیوں کا علاج کرنے والا کوئی نہیں تھا۔ میں سمجھ گئی کہ مجھے کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا۔” لہذا انہوں نے ‘ ہاسپیٹلرز’ کے نام سے طبی کارکنوں کی ایک تنظیم بنائی۔ اس کا نعرہ “سب کی زندگی کی خاطر” تھا۔

زنکے وِچ کے ذہن میں اِس تنظیم کے نام کا خیال اُس وقت آیا جب وہ اور دیگر لوگ ڈونباس کے علاقے میں بمباری سے محفوظ رہنے کے لیے ایک جگہ پناہ لیے ہوئے تھے۔ اِس دوران ایک پادری نے انہیں ‘دا نائٹس ٹیمپلرز اینڈ نائٹس ہاسپیٹلرز’ کی کہانی سنائی۔

وہ بتاتی ہیں “کیونکہ اُس دن مسلسل گولہ باری ہو رہی تھی” اس لیے میں نے سوچا کہ اگر کل تک میں زندہ بچ گئی تو میں جو طبی تنظیم بناؤں گی اُس کا نام ‘ہاسپیٹلرز’ رکھوں گی۔

جب یہ تنظیم بنائی گئی تو اس وقت اس کے پاس چند ایک رضاکار اور ایک گاڑی تھی۔ تاہم گزشتہ نو برسوں میں اس کے حجم میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ ایک عام دن میں 10 سے 12 افراد کا علاج کیا جاتا ہے جن میں فوجی اور عام شہری شامل ہوتے ہیں۔

2015 میں زنکے وِچ کار کے ایک حادثے میں زخمی ہو گئیں اور وہ کمر سے نیچے مفلوج ہو گئیں۔ اُس وقت تک اُن کے زیرقیادت لوگوں کو خطرات سے نکالنے کی 200 سے زیادہ کاروائیاں کی جا چکی تھیں۔ اب وہ رضاکاروں کو زخمیوں کا علاج کرنے کے بارے میں تربیت دیتی ہیں۔

بی بی سی نے زنکے وِچ کو سال 2022 کی دنیا کی 100 متاثر کن ترین اور بااثر ترین خواتین کی فہرست میں شامل کیا۔ زنکے وِچ آج کل پارلیمنٹ کی رکن ہیں اور انہیں یوکرین کا آرڈر آف میرٹ ایوارڈ دیا گیا ہے۔

خانقاہ میں جمع لوگ (© Nariman El-Mofty/AP)
سامنے درمیان میں کھڑی زنکے وِچ 30 جون 2022 کو کیئف، یوکرین میں سنہری گنبد والی سینٹ مائیکل خانقاہ میں جنگی محاذ کے قریب بس کے ایک حادثے میں ہلاک ہونے والی سرجن نتالیہ فراشر کی تدفین کے موقعے پر انہیں خراج عقیدت پیش کر رہی ہیں۔ (© Nariman El-Mofty/AP)

ہاسپیٹلرز کے رضاکار بڑے بڑے ذاتی خطرات مول لے کر انسانی جانیں بچانے کا کام کرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 49 سالہ تاتیانہ وسلچینکو نے اکاؤنٹنگ کے شعبے سے ریٹائر ہونے کے بعد 2021 میں ہاسپٹلرز سے تربیت حاصل کی۔ وہ روس کے مکمل حملے سے ایک دن پہلے 23 فروری 2022 کو ماریوپول گئیں۔ انہیں ازووسٹل سٹیل پلانٹ میں پانچ ماہ تک یرغمال بنائے رکھنے کے بعد رہا کیا گیا۔ صدر ولوڈیمیر زیلنسکی نے انہیں اور دیگر افراد کو دسمبر 2022 میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں خراج تحسین پیش کیا۔

ایک اور رضاکار ایناستیسیا فومچووا کیئف کی رہائشی اور فرانس میں رہ چکی ہیں۔ انہوں نے 2017 میں ہاسپیٹلرز سے اس وقت تربیت حاصل کی جب وہ 23 برس کی تھیں۔ انہوں نے دا نیویارکر کو بتایا کہ “مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ میں پوری طرح [عوام] کی خدمت نہیں کر پا رہی۔”

انہوں نے ڈونباس میں یوکرین کے فوجیوں کو راشن پہنچانا شروع کر دیا اور وہ یونیورسٹی کی تعلیم کے دوران پڑنے والے وقفوں کے دوران یہ کام کرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔