یوکرین کی بحالی کے لیے اربوں کے وعدے

چونکہ یوکرین روسی افواج کو تواتر سے پیچھے دھکیلتا جا رہا ہے اس لیے یوکرین نے روس کے احمقانہ حملوں سے ہونے والی تباہی کے بعد تعمیرِنو کے کاموں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔

اِن کاوشوں میں مدد کرنے کی خاطرعالمی لیڈروں نے حال ہی میں یوکرین کی بحالی کے کاموں کے لیے اربوں ڈالر اور یوروز کے وعدے کیے ہیں۔ انہوں نے یوکرین کے ساتھ اس وقت تک کھڑے رہنے کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا  جب تک یوکرین کو اُن کی ضرورت رہے گی۔

وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے 21 جون کو یوکرین کی بحالی کے لیے لندن میں ہونے والی کانفرنس میں کہا کہ “چونکہ روس تباہی مچانے میں لگا ہوا ہے اس لیے ہم یوکرین کی تعمیر نو یعنی زندگیوں کی تعمیرنو، یوکرین کی تعمیر نو، [اور] اس کے مستقبل کی تعمیر نو میں مدد کرنے کے لیے یہاں آئے ہیں۔”

کلیدی شعبوں کی مرمت و بحالی

روس کے یوکرین پر بھرپور حملے سے ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس سے یوکرین کے بجلی گھروں، بینادی ڈھانچوں اور زراعت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

حالیہ ترین وعدوں میں مندرجہ ذیل وعدے شامل ہیں:-

  • امریکی حکومت: امریکی کانگریس کے تعاون سے بائیڈن انتظامیہ یوکرین کو اپنے بجلی کے گرڈ کی مرمت کرنے اور انتہائی اہم بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔ اِس نئی فنڈنگ سے 24 فروری 2022 کے حملے کے بعد یوکرین کے لیے امریکہ کی امداد لگ بھگ 63 ارب ڈالر ہو جائے گی۔
  • برطانوی حکومت: برطانیہ نے ایک پیکیج کا اعلان کیا ہے جس میں انتہائی اہم عوامی سہولتوں میں مدد کرنے کے لیے عالمی بنک کی جانب سے دیئے جانے والے تین ارب ڈالر کے قرض کے لیے ضمانتیں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اِس پیکیج میں سکول اور ہسپتالوں کو چلانا بھی شامل ہے۔
  • یورپی یونین: یورپین کمشن کی صدر ارسلا وان ڈرلیئن نے کہا کہ ای یو نے  2024 اور 2027 کے درمیان یوکرین کو 50 ارب یوور فراہم کرنے کی تجویز دی ہے۔

وان ڈرلیئن نے کہا کہ “قدم بہ قدم، گھر بہ گھر، سکول بہ سکول ہم ایک طویل عرصے تک یوکرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔”

یوکرین میں لوگ ایک سکول کی عمارت کے سامنے والے حصے کی مرمت کر رہے ہیں (© Dominika Zarzycka/NurPhoto/Getty Images)
کیئف کے قریب مقامی لوگ ‘گرٹوم’ نامی ایک غیر سرکاری تنطیم کے ساتھ مل کر روسی فوج کی بمباری کا شکار ہونے والے ایک سکول کی مرمت کر رہے ہیں۔ (© Dominika Zarzycka/NurPhoto/Getty Images)

پہلے سے جاری کاموں کو مکمل کرنا

اِن وعدوں سے پہلے سے جاری دیگر کام بھی پایہ تکمیل کو پہنچیں گے۔ اِن میں جی سیون پلس کے رابطہ کاری کے گروپ کا کام بھی شامل ہے جس کے تحت یوکرین کے توانائی کے شعبے کی مرمت کرنے اور تعمیر نو میں مدد کرنے کے لیے اربوں ڈالر پہلے ہی سے مختص کیے جا چکے ہیں۔

اسی اثنا میں امریکہ اور یوکرین کے شراکت داری کے فورم پر امریکہ، یوکرین، نجی شعبہ اور دیگر لیڈر اکٹھے ہوئے اور انہوں نے یوکرین کی معیشت کی تعمیرنو کرنے اور اسے دوبارہ مضبوط بنانے پر تبادلہ خیالات کیا۔

گو کہ روس اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے پھر بھی یوکرین کی نظریں مستقبل پر مرکوز ہیں۔

برطانیہ کے وزیراعظم رِشی سونک نے کہا کہ “کیئف کی سڑکوں پر ایک نظر ڈالیں۔ حملوں کے خطرات کے باوجود لوگ اپنی زندگی کے معمولات میں لگے ہوئے ہیں اور کاروبارِ زندگی چل رہا ہے۔” انہوں نے یوکرین کو “ایک ایسا زندہ دل، متحرک، اور تخلیقی یورپی ملک قرار دیا جو مغلوب کیے جانے سے انکاری ہے۔”

مارکیٹ میں ایک دکاندار سے ایک عورت کھانے کی چیزیں خرید رہی ہے (© Daniel Cole/AP)
جنوری میں کیئف کی ایک مارکیٹ سے ایک عورت سودا سلف خرید رہی ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اہلکاروں نے 30 مئی کو کہا کہ روس کے یوکرین کے بجلی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے باوجود یوکرین کی معیشت نے مضبوطی دکھائی ہے۔ (© Daniel Cole/AP)