یوکرین کے لیے امریکی حمایت ‘غیر متزلزل اورٹھوس’ ہے: بائیڈن

21 دسمبر کو صدر بائیڈن نے یوکرین کے صدر وولوڈومیر زیلنسکی کا وائٹ ہاؤس میں خیرمقدم کیا اور یوکرین کے عوام کے لیے امریکی حمایت جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔

یوکرین پر روس کے وحشیانہ حملے کے 300 ویں دن بائیڈن نے زیلنسکی کی متاثر کن قیادت اور یوکرین کے عوام کے اپنے مقدر کا انتخاب کرنے کے “ناقابل تسخیر عزم” کی تعریف کی۔

بائیڈن نے کہا کہ “اس راہ پر امریکی عوام ہر قدم پر آپ کے ساتھ  رہے ہیں اور ہم آپ کے ساتھ رہیں گے۔ ہم اُس وقت تک آپ کے ساتھ رہیں گے جب تک ضروری ہوگا۔”

 وولوڈومیر زیلنسکی ڈائس پر کھڑے تقریر کر رہے ہیں جبکہ کملا ہیرس اور نینسی پیلوسی پیچھے بیٹھی ہوئیں ہیں (© Carolyn Kaster/AP Images)
زیلنسکی 21 دسمبر کو واشنگٹن میں کیپیٹل ہل پر کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔ (© Carolyn Kaster/AP Images)

بائیڈن نے کہا کہ امریکہ اور بین الاقوامی شراکت دار یوکرین کے سویلین بنیادی ڈھانچوں کی تعمیر نو پر کام کر رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے اس بات کا خصوصی ذکر کیا کہ سردیوں کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوششش میں روس کے فوجی حملوں میں ملک کو سردیوں میں گرم رکھنے کے نظاموں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

بائیڈن نے کہا کہ عام امریکیوں نے ‘یوکرین کے لیے غیرمتزلزل اور ٹھوس حمایت فراہم کی ہے۔”

زیلنسکی نے انگریزی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اور یوکرینی عوام کی “اقدار ایک جیسی ہیں اور زندگی کا فہم ایک جیسا ہے اور زندگی کا احساس ایک جیسا ہے۔”

عالمی سلامتی کو فروغ دینے میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے زیلنسکی نے یوکرین کی حمایت کرنے پر  بائیڈن، امریکی کانگریس اور امریکی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

زیلینسکی نے کہا کہ “میں جانتا ہوں کہ امریکی قیادت مضبوط ہوگی اور امریکہ ہماری اقدار اور آزادی کا دفاع کرنے میں ہماری مدد کرے گا۔”