15 اگست کو امریکی بحریہ کے “کمفرٹ” نامی ہسپتال والا بحری جہاز پانامہ میں اپنا پانچ ماہ کا مشن کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد سانتا مارتا، کولمبیا روانہ ہو گیا۔ کمفرٹ کی میڈیکل ٹیموں نے پانامہ میں 1,328 بچوں سمیت مجموعی طور پر 6,691 مریضوں کا علاج کیا۔ جن میں سے 148 مریضوں کے آپریشن کیے گئے۔ علاج کیے جانے والے مریضوں میں وینیز ویلا کا ایک پناہ گزین بچہ بھی شامل تھا۔ اس بچے کی تھیراپی کی گئی اور اسے زخمی ٹانگ کے ساتھ چلنے میں مدد کے لیے ایک چھڑی بھی دی گئی۔
کمفرٹ وسطی امریکہ، جنوبی امریکہ اور کیریبین ممالک کے پانچ ماہ کے مشن پر ہے جس کا مقصد خطے کے اُن ممالک کے صحت کے نظاموں کی مدد کرنا ہے جنہوں نے بے گھر ہونے والے وینیز ویلا کے شہریوں کو اپنے ہاں پناہ دے رکھی ہے۔ آج تک کمفرٹ کی ٹیمیں 24,600 مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ 512 مریضوں کے آپریشن بھی کر چکی ہیں۔