یو ایس ایڈ کی ہاتھ دھونے کی سہولتوں تک رسائی میں مدد

کووڈ-19 وبا کے پھیلاؤ میں کمی لانے کے بہترین طریقوں میں سے ایک طریقہ باقاعدگی سے ہاتھ دھونا ہے۔ تاہم دنیا میں لگ بھگ  تین ارب افراد کے لیے صابن اور پانی تک رسائی حاصل کرنا مشکل ہے۔

اسی لیے امریکہ کا بین الاقوامی ترقیاتی ادارہ، یو ایس ایڈ دنیا کے لیے پانی کے نام سے واٹر فار دا ورلڈ (پی ڈی ایف، 171 کے بی)  پروگرام چلا رہا ہے۔ یہ ادارہ اپنے اِن پروگراموں کے تحت پانی اور حفظان صحت کی اشیا فراہم کرتا ہے اور آج کل خصوصی طور پر، ہاتھ دھونے کی ترغیب دے رہا  ہے۔

برکینا فاسو میں یو ایس ایڈ کی مدد سے چلنے والا ایک پروگرام کووڈ-19 کے اُن منصوبوں پر مقامی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے جن کے تحت پانی کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت ریڈیو پر کیے جانے والے اعلانات اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے صابن سے ہاتھ دھونے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

انڈونیشیا میں یو ایس ایڈ ہاتھ دھونے کے پانچ ہزار مقامات بنانے، صابن کے 900 ڈسپنسر اور 700 نلکے لگانے کے لیے 120 کمیونٹیوں میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ مارچ 2020 کے بعد سے یو ایس ایڈ مقامی آبادیوں میں ‘پسکیس ماس’ کہلانے والے صحت کے کلینکوں کی شراکت کاری سے لوگوں کو صابن اور پانی سے ہاتھ دھونے کی اہمیت سے آگاہ کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ریڈیو پر نشر کی جانے والی دھنوں اور سوشل میڈیا کی پوسٹس کو استعمال کیا جاتا ہے۔

نائجیریا میں یو ایس ایڈ کووڈ-19 کو کم کرنے کے لیے معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مارکیٹوں اور ہسپتالوں جیسے عوامی مقامات پر ہاتھ دھونے کے لیے پانی کی فراہمی میں اضافہ کر رہا ہے۔ حفظان صحت کو فروغ دینے اور کووڈ-19 سے جڑے خطرات کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرکے، کووڈ-19 سے نمٹنے کے لیے نائجیرین حکومت کے اداروں کی جانب سے پہلے سے کیے گئے کام کو، یو ایس ایڈ آگے بڑہا رہا ہے۔ نائجیریا کے لاکھوں لوگوں تک حفظان صحت کے اچھے طریقوں کو پہنچانے کے لیے یو ایس ایڈ ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کے ساتھ بھی مل کر کام کر رہا ہے۔

 پانی کے دو قطرے (State Dept./D. Thompson)پانی کے تین قطرے (State Dept./D. Thompson)

عالمی اداراہ صحت اور یونیسیف کے مطابق، یہ کوششیں اہمیت کی حامل ہیں کیونکہ دنیا کی آبادی کے 40 فیصد لوگوں کو ہاتھ دھونے والی ایسے گھروں تک رسائی حاصل نہیں ہے جہاں صابن اور پانی دستیاب ہو۔

مارا بیری یو ایس ایڈ میں پانی کی قائم مقام عالمی رابطہ کار اور لچک اور غذائی سلامتی کے بیورو کی ایک عہدیدار ہیں۔ مارا بیری کے مطابق  آج پانی کی سلامتی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت پہلے سے کہں زیادہ اہم ہیں کیونکہ دنیا کووڈ-19 سے نمٹنے اور اقتصادی مسائل سے گزرنے کے بعد معاشی بحالی کی کوشش کر رہی ہے۔

کورونا وائرس کی وبا کیوجہ سے پانی کے موجودہ نظام دباؤ میں آئے ہیں اور دنیا میں سب سے زیادہ ضرورت مند لوگوں، بالخصوص زیریں صحارا کے 300 ملین افراد تک پانی کی سہولتیں پہنچانے کا کام سست روی کا شکار ہو گیا ہے۔ آج جب کہ دنیا اس وبا سے نکلنے کی کوشش کر رہی ہے تو ایسے میں یو ایس ایڈ اس امید کے ساتھ پانی کی سہولتوں تک رسائی کو بہتر بنانے پر کام کر رہا ہے کہ ہاتھ دھونا پوری دنیا میں ایک عادت بن جائے گی۔