ڈوریان نامی طوفان بہاماز کے ساحلوں سے یکم ستمبر کو ٹکرایا۔ اس ملک میں آنے والا یہ شدید ترین طوفان تھا جبکہ بحر اوقیانوس سے اٹھنے والے طوفانوں میں شدت کے لحاظ سے یہ دوسرا بڑا طوفان تھا۔
امریکہ کا بین الاقوامی ترقیاتی ادارہ (یو ایس ایڈ) بہاماز میں آنے والے طوفان ڈوریان سے متاثر ہونے والے افراد کی مندرجہ ذیل چار طریقوں سے مدد کر رہا ہے:
1۔ یو ایس ایڈ کی قدرتی آفات میں کام کرنے والی امدادی ٹیم کی تعیناتی
یو ایس ایڈ نے 2 ستمبر کو تباہی میں کام کرنے والی امدادی ٹیم ( ڈی اے آر ٹی ) کو بہاماز روانہ کیا۔ یہ ٹیم امریکہ کی امدادی کاروائیوں میں رابطہ کاری پیدا کرنے، نقصانات کا جائزہ لینے، ضروریات کی ترجیحات کی نشاندہی کرنے اور ضرورت مند لوگوں کو امداد پہنچانے کی خاطر مقامی حکام اور انسانی بنیادوں پر کام کرنے والی تنظیموں کے ساتھ قریبی طور پر مل کر کام کر رہی ہے۔
اس ممتاز ٹیم میں اس وقت یو ایس ایڈ کے قدرتی آفات میں کام کرنے والے 32 ماہرین شامل ہیں جن میں نقل و حمل اور ہنگامی حالات میں پناہ گاہیں تیار کرنے والے ماہرین بھی شامل ہیں۔
2۔ تلاش اور بچانے والی ٹیموں کو بھیجنا

متاثرہ افراد کی تلاش اور اُنہیں بچانے کے لیے فیئر فیکس کاؤنٹی کے آگ بھجانے والے اور ہنگامی حالات میں مدد کرنے والے محکمے کے 57 ماہرین اور چار کتوں کو 4 ستمبر کو بہاماز روانہ کیا گیا تاکہ وہ یو ایس ایڈ کی قدرتی آفات میں کام کرنے والی امدادی ٹیم کی جاری امدادی کاروائیوں میں شامل ہو سکیں۔ اس ٹیم کے پاس زندگی بچانے والی جیکٹوں، پانی صاف کرنے کا سامان، سماعتی آلات اور لوگوں کو تلاش کرنے والے کیمروں سمیت 22,000 کلو گرام وزنی طبی سامان اور دیگر مخصوص آلات ہیں۔ اس کے علاوہ یہ ٹیم اپنے ساتھ ایسی کشتیاں بھِی لے کر گئی ہے جنہیں ہوا بھرنے کے بعد استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ ٹیم متاثرہ افراد کی تلاش اور انہیں بچانے کی کاروائیوں میں بہاماز کے حکام کی مدد کر رہی ہے اورعمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے۔
3۔ فضائی اور سمندری راستوں سے امداد سامان کی فراہمی
4 ستمبر کو یو ایس ایڈ نے انتہائی اہم ضرورت کی اشیا میامی میں قائم اپنے ہنگامی سامان کے ایک گودام سے بہاماز پہنچائیں۔ اس سامان میں مندرجہ ذیل چیزیں شامل تھیں۔
- پناہ گاہوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مضبوط پلاسٹک شیٹنگ کے 450 رول۔
- پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے 2,400 بالٹیاں اور پانی جمع کرنے کے برتن۔
- بیماریوں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے حفظان صحت اور صفائی کی 600 کٹیں۔
- آریوں، کلہاڑوں اور دیگر آلات پر مشتمل ملبہ ہٹانے کی چار کٹیں۔
امریکہ کے کوسٹ گارڈ کے چار بحری جہاز متاثرہ علاقوں میں ہنگامی پناہ گاہوں کی تعمیر کے لیے یو ایس ایڈ کے پلاسٹک کی شیٹوں کے 250رول لے کر 6 ستمبر کو بہاماز پہنچے۔
مجموعی طور پر یو ایس ایڈ کی جانب سے فراہم کیے جانے والے امدادی سامان سے، طوفان سے متاثر ہونے والے لگ بھگ 44,000 افراد کی مدد کی جا سکے گی۔

4۔ انسانی بنیادوں پر مدد کرنے والے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنا
بہاماز میں آنے والے ڈوریان نامی طوفان سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے یو ایس ایڈ کا ادارہ انسانی بنیادوں پر اب تک اٹھارہ لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی امداد فراہم کر چکا ہے۔ اس میں بہاماز کے ریڈ کراس کو فراہم کی جانے والی وہ رقم بھی شامل ہے جس سے اُن لوگوں کو روزمرہ کے استعمال کی اشیا فراہم کیں گئیں جن کا اس طوفان میں سب کچھ تباہ ہو چکا ہے۔
یو ایس ایڈ کی جانب سے فراہم کی گئیں رقومات سے بہاماز کا ریڈ کراس متاثرہ افراد میں حفظان صحت اور صفائی کی کٹیں، ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جائے جا سکنے والے چولہے، تولیے، چادریں، اور کمبل تقسیم کر رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں مزید سامان بھی تقسیم کیا جائے گا۔
امریکہ اس قدرتی تباہی سے متاثر ہونے والے ہر ایک فرد کے ساتھ کھڑا ہے اور انسانی جانوں کے بچاؤ، لوگوں کے مصائب کم کرنے اور لوگوں کی بحالی میں مدد کرنے کا اپنا کام جاری رکھے گا۔
یہ مضمون تفصیلی شکل میں یوایس ایڈ کے میڈیا بلاگ پر موجود ہے۔