ہلالِ عید کی آمد پر مشیل اور میں، امریکہ اور دنیا بھر میں عید الفطر منانے والوں کو انتہائی پُرجوش مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
امریکی مسلمانوں کے لیے عید اُن 30 دنوں پر غورو فکر کرنے کا ایک موقع ہوتا ہے، جو انہوں نے روزے رکھتے ہوئے اور احسان مندی، شفقت اور سخاوت کی اقدارکے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے گزارے۔ دنیا بھر کی بستیوں اور گھروں میں اس خاص موقعے کا آغاز صبح سویرے اس وقت ہوتا ہے جب لوگ نماز اور جشن عید کی تیاریوں کے لیے اپنے بہترین لباس زیب تن کرتے ہیں۔ گھروں کو خوبصورت چیزوں اور روشنیوں سے سجایا جاتا ہے، تحائف کے پیکٹ بنائے جاتے ہیں اور بچوں کے لیے عیدی کے لفافے تیار کیے جاتے ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ عید اپنے پیاروں کے ساتھ ملنے اور خوشیاں منانے کا دن ہوتا ہے۔
امریکی مسلمان بھی اتنے ہی متنوع ہیں جتنا کہ خود ہمارا ملک — یعنی ان میں سیاہ فام، سفید فام، ہسپانوی، ایشیائی اور عرب – سب لوگ شامل ہیں۔ ملک بھر میں منائی جانے والی عید، ہمیں ہماری مذہبی آزادی اور شہری آزادیوں کی تاریخ ، اور ہماری جدت طرازی اور طاقت کی تاریخ سمیت ایک ایسے ملک کی حیثیت سے اپنی قابل فخر تاریخ کی یاد دلاتی ہے، جس کی تشکیل میں ہر پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنا اپنا حصہ ڈالا۔ یہ ورثے امریکی مسلمانوں کی خدمات کے بغیر ممکن نہ ہوتے۔ اُن کی خدمات ہمارے ملک کو زیادہ طاقت ور بناتی ہیں۔
گذشتہ ماہ ہمارے ملک اور دنیا کو چیلنجوں اور ایسے بلا جواز تشدد کا سامنا کرنا پڑا جس سے ہمارے دل ٹوٹ گئے اور ہماری روح تڑپ اٹھی۔ ہم ان سینکڑوں بیگناہ لوگوں کے لیے دعا گو ہیں، جن میں بہت سے مسلمان بھی تھے، جن کی جانیں رمضان کے دوران اورلینڈو، استنبول ، ڈھاکا، بغداد اور مدینے جیسے مقامات پر لے لی گئیں۔
یہاں ملک میں بھی، ہم نے امریکی مسلمانوں کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔ کسی بھی شخص کو اپنی عبادت گاہ میں کبھی بھی خوف زدہ یا خود کو غیر محفوظ محسوس نہیں کرنا چاہیے۔ بہت سے امریکیوں نے ضرورت مندوں کی مدد کے لیے کمیونٹیوں میں رضا کارانہ خدمات انجام دیتے ہوئےاور حتٰی کہ اپنے امریکی مسلمان رفقائے کار ساتھیوں کے ساتھ مل کر چند دن روزے رکھتے ہوئے، رمضان کا تجربہ حاصل کیا۔ نفرت کی موجودگی میں، یہ ہماری قوت اور امریکی اقدار ہی ہیں جو یکجہتی کے اظہار اور اس کے نتیجے میں ایک دوسرے کی حفاظت کرنے کی خاطر ہمیں متحد کرتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں ہماری قوم اور زیادہ مضبوط اور محفوظ ہوتی ہے۔
امریکی مسلمان ملک کے قیام ہی سے امریکی خاندان کا حصہ چلے آ رہے ہیں۔ اس عید کے موقع پر ہم عوام کے چیمپئین محمد علی سمیت، جنہیں ہم نے اسی رمضان میں الوداع کہا، ملک بھر میں امریکی مسلمانوں کی خدمات کی خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ ، اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم امریکی مسلمانوں کو تعصب اور اجنبیوں سے نفرت کے خلاف تحفظ فراہم کریں گے۔ اسی ماہ آنے والے دنوں میں، مشیل اور میں وائٹ ہاؤس میں عید کی ایک تقریب کی میزبانی کریں گے اور اس تہوار کو منانے کے لیے ہم ملک بھر سے تعلق رکھنے والے امریکیوں کو خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔
ہمارے خاندان کی جانب سے آپ کے خاندان کو عید مبارک!