2019ء کا ایک جائزہ: وینیز ویلا میں انسانی زندگیوں کو بچانا

2014ء سے لے کر آج تک وینیز ویلا ایک ایسے سیاسی اور اقتصادی بحران کا شکار چلا آ رہا ہے جس نے:

  • وینیز ویلا کے 48 لاکھ شہریوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا ہے۔
  • وینیز ویلا میں 70 لاکھ افراد کو انسانی بنیادوں پر دی جانے والی امداد کا ضرورت مند بنا دیا ہے۔
  • وینیز ویلا کے 90 فیصد ہسپتالوں کو معقول مقدار میں پانی یا دواؤں تک رسائی سے محروم کر دیا ہے۔

بین الاقوامی اور مقامی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے اداروں کے ساتھ کام کرتے ہوئے امریکہ نے وینیز ویلا کے اندر پانچ کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی انسانی امداد مہیا کی ہے۔

ذیل میں وہ چار طریقے دیئے جا رہے ہیں جن کی وجہ سے 2019ء میں امریکہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے کی طرف سے دی جانے والی امداد سے وینیز ویلا کے عوام کی زندگیوں پر فرق پڑا ہے:

1۔ خسرے سے ہونے والی اموات میں 97 فیصد کمی

ایک عورت بچے کو حفاظتی ٹیکہ لگا رہی ہے۔ (Ary Silva/PAHO/WHO)
امریکی براعظموں کی صحت کی تنظیم نے 2018ء میں وینیز ویلا میں حفاظتی ٹیکوں کی مہم کا آغاز کیا۔ (Ary Silva/PAHO/WHO)

یو ایس ایڈ اور اس کے شراکت کاروں کی حفاظتی ٹیکے لگانے کی کوششیں وینیز ویلا میں خسرے سے ہونے والی اموات کی تعداد میں کمی لانے میں مدد گار ثابت ہوئیں جو 2018ء میں 79 سے کم ہوکر 2019ء میں دو ہو گئی۔ خسرے کے مصدقہ مریضوں کی تعداد میں بھی کمی آئی۔ 2018ء میں یہ تعداد 5,800 تھی جبکہ 2019ء میں کم ہو کر یہ تعداد 600 پر آ گئی۔

2۔ انتہائی ضروری پانی اور حفظان صحت کی اشیاء کی فراہمی

لوگ ڈرموں میں پانی بھر رہے ہیں۔ (UNICEF)
اپنے شراکت کاروں کے ہمراہ یو ایس ایڈ وینیز ویلا میں پینے کا صاف ستھرا پانی مہیا کرنے کا کام کر رہا ہے اور اس میں ٹرکوں کے ذریعے پانی فراہم کرنا بھی شامل ہے۔ وہ ایسے علاقوں میں جاتے ہیں جہاں لوگ اس بنیادی اور انتہائی اہم سہولت تک رسائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ (UNICEF)

لوگ ڈرموں میں پانی بھر رہے ہیں۔ (UNICEF)

یو ایس ایڈ نے 7,000 سے زائد افراد کو پانی مہیا کرنے، صفائی اور حفظان صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کی خاطر 2019ء میں اپنے شراکت کاروں کے ساتھ مل کر کام کیا۔ اس میں اپنے شراکت کاروں کے ہمراہ ٹوتھ پیسٹ، صابن، اور پانی بھرنے کے برتنوں جیسی صفائی کی انتہائی اہم اشیاء اور1,200 کے قریب بچوں اور نوجوانوں کو ہاتھ دھونے کی کارآمد باتیں بتانے کے علاوہ صحت مند رہنے کی دیگر مہارتوں کی تربیت بھی شامل تھی۔

3۔ زندگی بچانے والی دواؤں کی فراہمی

یو ایس ایڈ نے 2019ء میں پٹیوں، دستانوں، سرنجوں، اور جراحی کے آلات سمیت اتنی مقدار میں ادویات اور دیگر طبی سازوسامان فراہم کیا جو 160,000 افراد کو 90 دنوں تک طبی امداد مہیا کرنے کے لیے کافی ہے۔ اس سامان کی تقسیم کے علاوہ، یو ایس ایڈ کے شراکت کاروں نے شفاخانوں میں عملے کے اراکین کو اچھے انتظامی اور مالی طریقہائے کار کے بارے میں تربیت دی۔

4۔ دس لاکھ سے زائد تازہ کھانوں کی فراہمی

کھانا کھاتے ہوئے بچوں کی بلندی سے لی گئی تصویر۔ (© Yuri Cortez/AFP/Getty Images)
بچے سوپ کچنوں میں دوپہر کا کھانا کھا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے 2020ء کے لیے عالمگیر انسانی حالات کے جائزے کے مطابق وینیز ویلا کے 20 فیصد سے زائد شہری غذا کی کمی کا شکار ہیں۔ (© Yuri Cortez/AFP/Getty Images)

2019ء میں یو ایس ایڈ کے شراکت کاروں نے 94 کمیونٹی کچنوں اور سکولوں میں وینیز ویلا کے لاچار شہریوں کو 14 لاکھ کھانے فراہم کیے۔ کھانوں کی شکل میں یہ امداد لگ بھگ 13,000 بچوں سمیت 16,000 افراد کو فراہم کی گئی۔

زیادہ مفصل صورت میں یہ مضمون یو ایس ایڈ کے ہاں دستیاب ہے۔