2021ء کا سپر باؤل مختلف ہوگا

جب 7 فروری کو کینسس سٹی چیفس اور ٹمپا بے بکنیئرز (امریکی) فٹ بأل کی سپر باؤل (فائنل) چیمپین شپ کے میچ میں کھیل کے میدان میں اتریں گے تو صحت کی دیکھ بھال کرنے والے ہزاروں کارکن سٹیڈیم میں بیٹھے میچ دیکھ رہے ہوں گے۔ ذرا بوجھیے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے اپنی جانوں کو خطرات میں ڈالنے والے ان کارکنوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت کیا ہوگی؟ مفت۔

نیشنل فٹ بأل لیگ نے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اُن 7،500 کارکنوں کو مدعو کیا ہے جو کووڈ-19 کی ویکسین لگوا چکے ہیں۔ نیشنل فٹ بأل لیگ کا 55واں سپر باؤل، ٹمپا بے، فلوریڈا میں ٹمپا بے بکنیئرز کے ریمنڈ جیمز سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

این ایف ایل کے کمشنر راجر گوڈیل کا کہنا ہے یہ کم از کم وہ کام ہے جو ہماری تنظیم صحت کے اِن کارکنوں کے لیے کر سکتی ہے۔

گوڈیل نے ایک بیان میں کہا ، “اِن کا شکریہ ادا کرنا ہمارے ذمے واجب الادا ایک قرض ہے اور ہم اِن کا شکریہ ادا کرنا جاری رکھیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ چھوٹے پیمانے پر ہی سہی مگر یہ اقدام ہمارے ملک میں حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا اور ان حقیقی امریکی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرے گا۔ اس سے ویکسین لگوانےاور عوامی مقامات پر ماسک پہننے سمیت صحت کے مناسب طریقوں کی اہیمت کو فروغ بھی حاصل ہو گا۔”

اس بہت بڑے سٹیڈیم میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کے ساتھ 14،500 سماجی فاصلے رکھے ہوئے شائقین بھی موجود ہوں گے۔ (دونوں گروپوں کو ملا کر سٹیڈیم کا ایک تہائی حصہ بھرا جا سکے گا جبکہ باقی سٹیڈیم کو کورونا کی وبا کی وجہ سے حفاظتی تدبیر کے طور پر خالی رکھا جائے گا۔)

توقع ہے کہ اس میچ کو ٹیلی ویژن پر لگ بھگ 187 ملین افراد دیکھیں گے۔ امریکی فٹ بأل امریکہ کا مقبول ترین کھیل ہے۔ تاہم امریکیوں کے “سپر باؤل سنڈے” کے ساتھ اتنے پیار کی صرف یہی ایک وجہ نہیں ہے۔ ذیل میں بیان کی جانے والی اس کی تین اور وجوہات بھی ہیں:-

کھانے پینے کا دن

 امریکی فٹ بال کی طرز پر تیار کیے گئے ابلے ہوئے انڈے اور برگر (© Shutterstock)
بہت سے امریکی سپر باؤل دیکھتے ہوئے امریکی فٹ بأل کی شکل سے ملتی جلتی اشیا کھاتے ہیں۔ (© Shutterstock)

55واں سپر باؤل امریکہ کے مشرقی معیاری وقت کے مطابق (یو ٹی سی کے مطابق 23:30 بجے) شام 6.30 پر شروع ہوگا۔ اس سال کورونا کی وبا کی وجہ سے کم لوگ اکٹھے ہوں گے۔ نیشنل ریٹیل فیڈریشن کے سروے کے مطابق صرف 28 فیصد امریکیوں کا سپر باؤل پارٹیاں منعقد کرنے یا اِن پارٹیوں میں شریک ہونے کا پروگرام ہے۔ اس سروے کی تاریخ میں یہ سب سے کم شرح ہے۔

زیادہ تر تماشائیوں کا اپنے گھر کے افراد کے ہمراہ میچ دیکھنے کا ارادہ ہے اور وہ کھانے کی ہلکی پھلکی چیزوں کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ میچ والے دن عام طور پر چمچ کے بغیر کھائی جانے والی چیزوں میں پاپڑ نما ناچو، پیزا، مرغی کے پروں کا گوشت، پسلیاں، چپس اور چٹنی شامل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ابلے ہوئے انڈوں سمیت کوئی بھی ایسا کھانا شامل ہوتا ہے جس کو امریکی فٹ بأل کی شکل دی گئی ہو۔ سروے کے مطابق کھانے کی چیزیں اور مشروبات کا شمار مقبول ترین خریداریوں میں ہوتا ہے۔

وقفے کے دوران شو

 اپنے ہاتھ میں مائیکروفون پکڑے ہوئے ایک گلوکار (© John Nacion/STAR MAX/AP Images)
دا ویک اینڈ نامی گلوکار سپر باؤل کے وقفے کے شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ (© John Nacion/STAR MAX/AP Images)

گزشتہ 20 برسوں میں سپر باؤل کے وقفے کے دوران ہونے والے شوز میں موسیقی کےنامور فنکاروں مِن شمار ہونے والے فنکار شریک ہو چکے ہیں۔ اِن  میں بیونسے، پرنس، رولنگ سٹونز، بروس سپرنگسٹین، جسٹن ٹمبرلیک، مائیکل جیکسن اور برونو مارز شامل ہیں۔

اس سال گریمی ایوارڈ یافتہ کینیڈا کے گلوکار، دا ویک اینڈ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اُن کا اصل نام ایبل ٹیسفائی ہے۔ وہ اپنے فن کا مظاہرہ اُس وقت کریں گے جب میچ کے درمیان دونوں ٹیمیں وقفہ لے رہی ہوں گیں۔ (امریکی فٹ باؤل کا میچ چار دورانیوں  پر مشتمل ہوتا ہے اور ہر دورانیہ 15 منٹ کا ہوتا ہے۔)

جب 2005ء میں پال میکارٹنی وقفے کے دوران نمایاں گلوکار تھے تو انہوں نے کہا، “سپر باؤل میں فن کا مظاہرہ کرنے کے کہے جانے سے بڑھکر بڑا (اعزاز)  کوئی ہو ہی نہیں سکتا۔”

مشہور زمانہ اشتہارات

 نعرے لگاتے اچھلتے کودتے لوگ (© Jose Luis Magana/AP Images)
اس برس 2013ء کے سپر باؤل کے دوران بالٹی مور ریونز کے نعرے بازی کرتے ہوئے اِن مداحوں کی طرح کے مناظر دیکھنے میں نہیں آئیں گے۔ 7 فروری کو زیادہ تر تماشائی اپنے گھروں میں بیٹھ کر ٹیلی ویژن پر سپر باؤل دیکھ رہے ہوں گے۔ (© Jose Luis Magana/AP Images)

سپر باؤل کے دوران ٹی وی پر دکھائے جانے والے اشتہارات اتنی ہی دلچسپی کا باعث ہوتے ہیں جتنا کہ بذات خود کھیل ہوتا ہے۔ 22 فیصد ناظرین کا کہنا ہے کہ اشتہارات اس تقریب کا اہم ترین حصہ ہوتے ہیں۔

اشتہارات عموماً شاندار اور مزاحیہ ہوتے ہیں ، لیکن وہ سستے نہیں ہوتے۔ 30 سیکنڈ کا اشتہار 5.5 ملین ڈالر میں پڑتا ہے۔ (اس کے برعکس 1967ء میں پہلے سپر باؤل میں اشتہاروں پر آنے والی لاگت  42،000 ڈالر تھی۔) اس سال کئی بڑی امریکی کمپنیوں نے کورونا وبا کی وجہ سے غیریقینی معاشی صورتحال کے پیش نظر کھیل کے دوران اشتہارات نہ نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔