یورپ میں فتح (وی – ای) کی تاریخ 8 مئی 1945 ہے۔ دوسری عالمی جنگ میں اِس دن نازی جرمنی نے اتحادیوں کے سامنے ہتھیار ڈالے تھے۔
یہ دن وہ وقت یاد دلاتا ہے جب روس، یوکرین اور دیگر علاقوں کو شامل کر کے تشکیل دیے جانے والے ملک، سوویت یونین نے امریکہ، برطانیہ اور دیگر اقوام کے ساتھ مل کر ایک سفاک اور مشترکہ دشمن کے خلاف جنگ لڑی تھی۔
مگر آج روسی صدر ولاڈیمیر پوٹن ایک ایسے فرد ہیں جو جارحیت کی ایک ایسی وحشیانہ جنگ کو جاری رکھے ہوئے ہے جو ہمیں دوسری عالمی جنگ کے نازی جرمنی کی یاد دلاتی ہے۔
دوسری عالمی جنگ میں ریڈ آرمی میں یوکرینی النسل فوجی روسی فوجیوں کے شانہ بشانہ لڑے تھے۔ نازی جرمنی اور اس کے اتحادیوں سے لڑتے ہوئے سوویت یونین کو 24 ملین شہری اور فوجی ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
اس کے باوجود 24 فروری کو پیوٹن نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ وہ یوکرین کو “نازیوں سے پاک” کر رہے ہیں، ایک ایسے ملک پر پہلے سے سوچے سمجھے منصوبے کے مطابق بلا اشتعال اور بلاجواز ایک بھرپور حملہ کر دیا جس نے نازی ازم کے خلاف جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا تھا اور آج جس کی قیادت یہودی ورثے کے امین، صدر ولاڈیمیر زیلینسکی کے ہاتھوں میں ہے۔
پوٹن کی یوکرین پر اپنے حملے کا جواز پیش کرنے کے لیے نازیوں کا سہارا لینے کی خاطر دقیانوسی تصورات کے استعمال اور حقیقت کو مسخ کرنے کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے۔ انہوں نے ایسا کرکے ایک بری تاریخ رقم کی ہے۔
حقیقی تاریخ

پوٹن اپنے متاثرین پر نازی ہونے کا الزام لگانا پسند کرتے ہیں مگر یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ 1939 میں نازی جرمنی اور سوویت یونین نے عدم جارحیت کے ایک معاہدے پر دستخط کیے اور اس کے چند دن دن بعد پہلے جرمنی اور پھر سوویت یونین نے پولینڈ پر حملہ کر دیا، پولینڈ کی آزادی کو ختم کر دیا اور ملک کو اور مشرقی یورپ کے بیشتر حصے کو تقسیم کر دیا۔ جون 1941 میں نازیوں کے یو ایس ایس آر پر اچانک حملے بعد سوویت یونین نے نازی مخالف جدوجہد میں شمولیت اختیار کی۔
اس کے باوجود امریکہ نے ریڈ آرمی کی حتمی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ 1941 اور 1945 کے درمیان امریکہ نے سوویت یونین کو 11.3 ارب ڈالر یا آج کے حساب سے 180 ارب ڈالر مالیت کا سامان اور خدمات فراہم کیں۔
مزید تاریخ: جب اتحادیوں نے یورپی ممالک کو نازی حکمرانی سے آزاد کرایا تو امریکہ اور برطانیہ سمیت مغربی طاقتوں نے ان ممالک کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی کوششیں کیں۔ سوویت یونین نے اپنا کمیونسٹ معاشی اور سیاسی نظام مشرقی یورپ کے ممالک پر مسلط کیا۔ اس کے بعد کی دہائیوں کے دوران پولینڈ، ہنگری اور چیکوسلواکیہ کو اپنے اداروں اور طرز زندگی کا انتخاب کرنے کی صلاحیت سے محروم کرنے کے لیے ماسکو نے ان ممالک میں فوجی مداخلت کی۔

مندرجہ بالا کے علاوہ مزید تاریخ: جنگ کے بعد امریکہ نے 1948 میں مارشل پلان [مارشل منصوبے] کا آغاز کیا۔ اس منصوبے کے تحت بڑے پیمانے پر دی جانے والی اقتصادی امداد نے براعظم [یورپ] کی تعمیرِ نو میں مدد کی۔ مگر ماسکو نے کمیونسٹ ممالک کو یہ امداد لینے سے منع کر دیا۔
اس کا کیا مطلب ہے؟
آج بھی ایسے لوگ زندہ ہیں جنہیں وہ وقت یاد ہے جب ماسکو کا ہٹلر کے ساتھ اتحاد ہوا تھا، جب ماسکو کی فوجوں نے پولینڈ پر ظلم ڈھائے تھے، اور جب نازیوں کے چلے جانے کے کافی عرصے بعد ماسکو کی افواج نے ہنگری اور چیکوسلواکیہ میں آزادی کو دبایا تھا۔
آج پوٹن کی افواج یوکرین میں ہیں۔ پوٹن کہتے ہیں کہ اس کا تعلق نازی ازم سے لڑنا ہے، جبکہ تاریخ کچھ اور بتاتی ہے۔