’’ میں چاہتا ہوں کہ تمام فریق ایک دوسرے کی بات سنیں، ‘‘ صدر اوباما نے یہ بات امریکہ میں حال ہی میں دو افریقی نژاد امریکیوں اور پانچ پولیس افسروں کی ہلاکتوں کے بارے میں، سپین میں ایک رپورٹر کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہی۔
انہوں نے یہ بات فالکن ہائیٹس، منی سوٹا اور بیٹن روژ، لوئیزیانا میں الگ الگ واقعات میں پولیس کی جانب سے دو افریقی نژاد امریکیوں کو گولی مار کر ہلاک کیے جانے اور پھر ڈیلس میں پانچ پولیس افسروں کی ہلاکتوں کے بعد 10 جولائی کو کہی۔
صدر نے سیاہ فام افراد کی ہلاکت پر طیش میں آئے ہوئے امریکیوں پر زور دیا کہ وہ احترام اور تحمل سے کام لیں۔ انہوں نے نفاذ قانون کے ذمے دار لوگوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اقلیتوں کے بارے میں عدم رواداری کی شکایات پرسنجیدگی سے توجہ دیں۔
اوباما نے کہا کہ امریکہ کے بیشتر پولیس افسر احسن طریقے سے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کام کے بارے میں اس کے برعکس بیان بازیوں سے فوجداری نظام انصاف میں نسلی تعصب کا خاتمہ کرنے میں کوئی مدد نہیں ملتی۔ صدر 12 جولائی کو ڈیلس میں مقتول افسروں کے لیے ایک بین المذاہبی دعائیہ تقریب سے خطاب کریں گے۔
کمیونٹی پولیسنگ کے لیے اپیل کی تجدید
صدر نے 7 جولائی کو ایک فیس بک میسج میں کمیونٹی پولیسنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس میسیج کا تعلق محلوں میں گشت کرنے والے پولیس افسروں کے محلوں کے مکینوں کے بارے میں جاننے سے ہے۔
صدرنے کہا کہ شہریوں اور پولیس کے درمیان مزید افہام و تہفیم کا مطالبہ کرنے سے ’’ کسی بھی طور ان پولیس افسروں کی بھاری اکثریت کے لیے ہمارے احترام اور تحسین کی نفی نہیں ہوتی جو روزانہ جان ہتھیلی پر رکھ کر ہمیں تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ ‘‘
اوباما نے 2014 میں احتجاجی نوجوانوں کے لیڈروں کے ساتھ ملاقات کے بعد21 ویں صدی کی پولیسنگ کے بارے میں ایک ٹاسک فورس قائم کی تھی، جس میں پولیس، سرگرم سیاسی اور سماجی کارکنوں اور کمیونٹی کے لیڈروں کو اکٹھا کیا گیا ہے۔ اس ٹاسک فورس کا مقصد جرائم میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ نفاذ قانون کے ذمے دار مقامی پولیس افسروں اور اُن کمیونٹیوں کے درمیان، جن کی حفاظت پر وہ مامور تھے، تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔
ٹاسک فورس کی قیام کے بعد، 50 ریاستوں میں پھیلے پولیس کے 100 سے زیادہ محکمے اس کی سفارشات کو نافذ کرچکے ہیں۔ ان محکموں نے ایک ایسے پولیس ڈیٹا کے پروگرام کی ابتدا کی ہے، جس سےکمیونیٹیوں کو نفاذ قانون سے متعلق مزید ڈیٹا تک رسائی حاصل ہو گی اور جو طاقت کے نامناسب استعمال کو روکنے اور احتساب میں اضافہ کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کو بہتر بنائے گا۔
یہ مضمون ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کی بنیاد پر لکھا گیا۔