کیا آپ جانتے ہیں کہ ہوا سے پیدا کی جانے والی بجلی کا مستقبل کیا ہوگا؟ آج کے ٹربائن ماضی کے مقابلے میں کہیں بہتر طریقے سے کام کرتے ہیں۔ یہ وقت ہے کہ بعض غلط مفروضوں کی تصحیح کی جائے:
1۔ ہوا سے پیدا کی جانے والی بجلی کی فراہمی غیر یقینی ہوتی ہے۔
حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ جب ہوا نہ چل رہی ہو تو بجلی حاصل کرنے کے دوسرے طریقے موجود ہوتے ہیں۔ زیادہ گنجائش والی بیٹریوں میں ہواسے پیدا کی ہوئی بجلی کو بعد میں استعمال کے لیے ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔ اور موسم کی بہتر پیشگوئیوں کی بدولت، روایتی طریقوں سے پیدا کی ہوئی بجلی پر انحصار کرنے کی ضرورت کم ہوگئی ہے۔
2۔ ہوا سے چلنے والے ٹربائن بہت زیادہ شور پیدا کرتے ہیں۔
یہ بات صحیح نہیں ہے۔ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی ٹکنالوجی میں بہتری آئی ہے اور مشینوں سے پیدا ہونے والا شور کم ہوگیا ہے۔ عام طور سے، ہوائی بجلی کے ٹربائن کسی بھی گھر سے 300 میٹر سے کم فاصلے پر نصب نہیں کیے جاتے۔ اس فاصلے پر ٹربائن کے پنکھوں سے پیدا ہونے والا “وہُوش” کی آواز جیسا شور تقریباً 43 ڈیسیبل ہوتا ہے۔ 500 میٹرز کے فاصلے پر، یہ شور کم ہو کر 38 ڈیسیبل رہ جاتا ہے۔ ایک ریفریجریٹر سے تقریباً 40 ڈیسیبل شور پیدا ہوتا ہے جب کہ بال سکھانے والی مشین 80 سے 90 ڈیسیبل شور پیدا کرتی ہے۔
3۔ ہوا سے پیدا کی جانے والی بجلی مہنگی ہوتی ہے۔
اب ایسا نہیں ہے۔ جیسے جیسے قیمتیں گری ہیں اور ٹکنالوجی بہتر ہوئی ہے، ہوا سے حاصل ہونے والی بجلی، روایتی ذرائع سے حاصل ہونے والی بجلی سے مسابقت کرنے لگی ہے۔ 2008 سے اب تک ہوا کے ٹربائنوں کی قیمتوں میں 20 سے 40 فیصد تک کمی آئی ہے۔ بعض مقامات پر — جیسے کولوراڈو میں — ہوا سے پیدا کی جانے والی بجلی روایتی بجلی گھروں میں پیدا ہونے والی بجلی کی جگہ لے رہی ہے۔
4۔ ٹربائنوں سے چمگادڑیں اور پرندے ہلاک ہو جاتے ہیں اور ماحول کو نقصان پہنچتا ہے۔
اس کا جواب ہاں اور نہ، دونوں میں ہے۔ یہ تو صحیح ہے کہ پرندے اور چمگادڑیں ٹربائن کے پروں سے ٹکراتی ہیں، لیکن امریکہ میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے فارموں نے جنگلی حیات اور ماحولیاتی گروپوں اور امریکہ کی فِش اور وائلڈ لائف سروس کے ساتھ مل کر کام کیا ہے تاکہ جنگلی حیات پر اِن فارموں کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ جنگلی حیات کے طرزِ عمل کے علم سے، پرندوں اورچمگادڑوں کی آبادیوں کی حفاظت میں مدد ملتی ہے۔ مثال کے طور پر، چمگادڑوں کی اموات میں نصف تک کی کمی آ سکتی ہے اگر ٹربائنوں کے پروں کو اُس وقت ساکت رکھا جائے جب چمگاڈریں حرکت کر رہی ہوتی ہیں۔ جنگلی حیات کی حفاظت کے لیے جو دوسرے طریقے آزمائے جا رہے ہیں، ان میں آواز کے ذریعے انہیں دور رکھنا، ریڈار اور تھرمل امیجنگ شامل ہیں۔
5۔ ہوا سے بجلی حاصل کرنا کا ایک عام سا ذریعہ ہے۔
یہ بات غلط ہے۔ ہوا سے بجلی پیدا کرنا اب امریکہ میں آلودگی سے پاک توانائی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ موجودہ پیداواری گنجائش کے لحاظ سے اس نے اب پن بجلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہوا سے بجلی کی پیداوار میں اب ان ریاستوں میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں بکثرت ہوا چلتی ہے، خاص طور سے ٹیکسس اور وسط مغربی ریاستوں میں۔ امریکہ کے توانائی کی معلومات کے ادارے نے تخمینہ لگایا ہے کہ 2016 میں پاور گرِڈ کے لیے بجلی پیدا کرنے کی گنجائش میں جتنا اضافہ ہوا، اس کا 60 فیصد حصہ ہوا اور شمسی ذرائع سے حاصل ہوا۔
اور اب چند حقائق …
- ہوا کی طاقت ہزاروں سال سے زمین سے پانی نکالنے، اناج پیسنے، اور اب بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال ہوتی چلی آ رہی ہے۔
- ہوا کے ایک ٹربائن سے 500 گھروں کو بجلی مِل سکتی ہے۔
- عام استعمال کے لیے بجلی پیدا کرنے کے دوسرے طریقوں کے برعکس، ہوا سے بجلی کی پیداوار میں پانی بالکل استعمال نہیں ہوتا۔
- چین کے سوا، امریکہ میں کسی بھی ملک کے مقابلے میں زیادہ ہوا سے بجلی پیدا ہوتی ہے۔