ہارلیم گلوب ٹراٹرز کے کمالات [وڈیو]

کریسا “ایس” جیکسن کا قد محض 1.63  میٹر لمبا ہے مگر وہ باسکٹ بال کی ایک ماہر کھلاڑی ہیں۔ وہ ہارلیم کی گلوب ٹراٹرز کی فہرست میں شامل بہت سی خواتین میں سے ایک ہیں۔ گلوب ٹراٹرز پیشہ ور کھلاڑیوں کی ایک ایسی ٹیم ہے جس کے ہاں کھیلوں اور مزاح کا ایک ایسا امتزاج پایا جاتا ہے جس کے تحت کھلاڑی کھیل کے میدان اور اِس سے باہر لوگوں سے ملتے جلتے ہیں۔

جیکسن اور امریکہ اور دنیا بھر میں بچوں کی نسلیں ہارلیم گلوب ٹراٹرز کو دیکھتے اور ٹیم کے مثبت پیغام کو سمجھتے اور سنتے ہوئے پلے بڑے ہیں۔

خیرسگالی عام کرنے کے علاوہ، باسکٹ بال کی اس 92 سالہ پرانی تنظیم نے کھیلوں کی دیگر ٹیموں کے لیے مثال قائم کرتے ہوئے نسلی اور اور صنفی رکاوٹوں کو دور کیا ہے۔ 1940 کی دہائی میں کلی طور پر سیاہ فام کھلاڑیوں پر مشتمل اس ٹیم نے امریکہ میں باسکٹ بال کے پیشہ ورانہ کھیل میں افریقی نژاد امریکی کھلاڑیوں کی قبولیت کے لیے ایک مہمیز کے طور پر کام کیا۔ شکاگو میں قائم کی جانے والی اس ٹیم کا نام نیویارک سٹی میں افریقی نژاد امریکیوں کے روائتی علاقے ہارلیم کی مناسبت سے رکھا گیا ہے۔

Basketball player sitting on floor with children, spinning a basketball on a young girl's finger (© Brett Meister/Harlem Globetrotters)
ایس جیکسن لتھوینیا کے بچوں کو دکھا رہی ہیں کے گلوب ٹراٹرز کے سٹائل سے گیند کو انگلیوں پر گھمانا ایک دلچسپ چیز ہے۔ (© Brett Meister/Harlem Globetrotters)

جیکسن ٹیم میں شامل کی جانے والی تیرھویں خاتون کھلاڑی ہیں۔ عورتوں کی نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے قیام سے دس سال قبل، 1985 سے لے کر 1987 تک ٹیم کے لیے کھیلنے والی پہلی خاتون کھلاڑی، لائنیٹ وُڈرڈ تھیں۔ گلوب ٹراٹرز کی پندرھویں خاتون کھلاڑی، برائنا “ہُوپس” گرین کو نومبر 2017 میں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

جیکسن کہتی ہیں، “میں ایک ایسی ٹیم کا حصہ ہوں جس میں زیادہ تر مرد ہیں۔ وہ میرے ساتھ مختلف قسم کا سلوک روا نہیں رکھتے۔ … وہ اس بات پر توجہ نہیں دیتے کہ ہم عورتیں ہیں۔ اُن کی توجہ اس حقیقت پر مرکوز ہوتی ہے کہ ہم ایتھلیٹ ہیں اور سب باسکٹ بال کے کھلاڑی ہیں۔”

تمام  کھلاڑیوں کا وقت اچھا گزرتا ہے۔ وہ کہتی ہیں، “جو کچھ ہم کرتے ہیں وہ ہمیں اچھا لگتا ہے۔ ہمیں اس سے پیار ہے۔” ٹیم کے کھلاڑی ایسے نمائشی میچ کھیلتے ہیں جن میں باسکٹ بال کو مزاحیہ حرکات اور گیند سے نئے نئے کرتب کرنے کے ساتھ جوڑا جاتا ہے۔ بہت عرصہ قبل ٹیم کو اپنے منفرد انداز کی وجہ سے پاپ موسیقی کی ایک ثقافتی علامت کا درجہ حاصل ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں گلوب ٹراٹرز، فیچر فلموں، ڈاکومینٹریز اور حتٰی کہ سکُوبی ڈُو اور دا سمپنز جیسے کارٹوںوں کا موضوع بھی بنی۔

جیکسن کہتی ہیں، “درحقیقت اس کا تعلق اُن مسکراہٹوں اور اُن یادوں کی تخلیق سے ہے جو عمر بھر کے لیے زندگی کا حصہ بن جاتی ہیں۔”

ڈرانا دھمکانا اچھی چیز نہیں

لوگوں سے رابطہ گلوب ٹراٹرز کے مشن کا حصہ ہے۔ آج کل اُن کی توجہ ڈرانے دھمکانے کو روکنے پر ہے۔ جیکسن کہتی ہیں، “ڈرانا دھمکانا اچھی بات نہیں۔” سکولوں میں طالبعلموں میں ڈرانے دھمکانے کا مسئلہ عام پایا جاتا ہے۔ گلوب ٹراٹرز نے ڈرانے دھمکانے کو روکنے کی اے بی سی کے عنوان سے اس مسئلہ کا حل وضح کیا ہے۔ اس میں اے، ایکشن [عمل] بی، بریوری [جرات] اور سی، کمپیشن [ہمدردی] کے انگریزی الفاظ کا مخفف ہے۔ اس ٹیم کے اراکین سکولوں میں جاتے ہیں اور بچوں کو مشورے دیتے ہیں کہ وہ ڈرانے دھمکانے کے مسئلے سے کس طرح نمٹ سکتے ہیں۔

Harlem Globetrotters basketball players dribbling the ball down the court with young children (© Brett Meister/Harlem Globetrotters)
امریکی محکمہِ خارجہ کے خیرسگالی کے سفیر، گلوب ٹراٹرز کی ایس جیکسن اور اینتھونی “بکٹس” بلیکس لیتھوینیا میں بچوں کا باسکٹ بال سے دل بہلا رہے ہیں۔ (© Brett Meister/Harlem Globetrotters)

یہی وہ پیغام ہے جو امریکہ کے محکمہِ خارجہ کے خیرسگالی کے سفیروں کے طور پر 2017 میں گلوب ٹراٹرز کی جیکسن اور اینتھونی “بکٹس” بلیکس اپنے ساتھ ایستونیا اور لاتویا لےکر گئے۔ جیکسن کہتی ہیں، “ہمارا مقصد ڈرانے دھمکانے کو مزاح اور مسکراہٹ سے روکنا ہے۔ اس طرح ہم یہ ثابت کرتے ہیں کہ آپ کسی ایسے بچے کو دوست بنا سکتے ہیں جسے ڈرایا دھمکایا گیا ہو۔”

وہ کہتی ہیں، “میری ٹیم کے بعض ساتھیوں کو ماضی میں ڈرایا دھمکایا گیا اور وہ بتاتے ہیں کہ اُنہیں کیسے ڈرایا دھمکایا جاتا تھا اور اس کے جواب میں وہ کیا کرتے تھے اور وہ آج کہاں کھڑے ہیں۔”

Two adults leading a roomful of students as they raise their arms in victory (© Brett Meister/Harlem Globetrotters)
جیکسن اور بلیکس ایستونیا میں بچوں کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں۔ (© Brett Meister/Harlem Globetrotters)

جیکسن کو ایستونیا اور لاتویا میں اپنے مداحوں کے ساتھ مل کر اچھا لگا۔ وہ کہتی ہیں، ” یہ میری خواہش تھی کہ میں وہاں لمبے عرصے تک رہتی اور زیادہ بچوں کے مدد کرتی۔ دوسروں کے لیے عملی نمونہ بننا اور زندگیاں بدلنے کے لیے اس کا پلیٹ فارم میسر ہونا … اور جو کچھ لوگ بننا چاہتے ہیں اُس میں اُن کی حوصلہ افزائی کرنا، گلوب ٹراٹرز کے بہترین کام ہیں ۔”

ذیل کی وڈیو میں آپ باسکٹ بال میں جیکسن کے انفرادی کرتب دیکھ سکتے ہیں۔

نوٹ: وڈیو انگریزی میں ہے۔