کوانزا سواہیلی زبان کا لفظ جس کا مطلب ہے “پہلے پھل۔” یہ ایک سات روزہ تہوار ہے جس کے دوران امریکہ کے افریقی ورثے کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ ہر سال 26 دسمبر سے لے کر یکم جنوری کے دوران منائے جانے والے کوانزا میں، خاندان اور کمیونٹی کی خوشیوں کا جشن، شاعری، موسیقی، رقص، اور داستان گوئی کے ذریعے منایا جاتا ہے۔
افریقی نژاد امریکیوں کو اپنی افریقی ثقافت اور تاریخی ورثے سے دوبارہ جوڑنے کے لیے، بنیادی حقوق کے ایک افریقی نژاد امریکی سرگرم کارکن، مولانا کارینگا نے کوانزا کی ابتدا 1966 میں کی۔ کارینگا کہتے ہیں، “یہ ذہن میں رکھنا اہم ہے کہ کوانزا ایک ثقافتی تہوار ہے نہ کہ مذہبی۔” لہذا اسے تمام مذاہب کے ماننے والے افریقی اور افریقی نژاد امریکی منا سکتے ہیں۔
کارینگا نے اس نئے تہوار کے بارے میں بات کرنے کے لیے سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان، سواہیلی کا انتخاب کیا۔ کارینگا کے کہنے کے مطابق، کوانزا کا سیاہ رنگ لوگوں کے لیے، سرخ جدوجہد، اور سبز اُس مستقبل کی نمائندگی کرتا ہے جو اُن کی جدوجہد کے نتیجے میں تعمیر ہوتا ہے۔
کوانزا کی ہر رات، اس تہوار کے منانے والے موم بتیاں لگانے والے ایک شمع دان میں سات موم بتیاں روشن کرتے ہیں۔ یہ شمع دان ‘ کنارا ‘ کہلاتا ہے۔

- کوانزا کے سات دن اور سات موم بتیاں اُن سات اصولوں کی علامت ہیں جن کی جڑیں افریقی روایات میں پیوست ہیں اور کوانزا منانے والے اس ہفتے کے دوران اِن اصولوں پر غور کرتے ہیں:
- اتحاد (سواہیلی میں عموجہ) — خاندانوں، کمیونٹیوں اور قوم کو جوڑنا۔
- اپنی ذات کا تعارف کرانا ( کوجیچاگولیا) — یہ یقینی بنانا کہ لوگ اپنے عمل سے اپنا تعارف کروائیں اور اپنے اپنے اعمال کے ذمہ دار ہوں۔
- اجتماعی کام اور ذمہ داری (عجیما) — ایک دوسرے کی مدد کرنا اور معاشرے کی تعمیر و ترقی کی خاطر کام کرنا۔
- امداد باہمی کی معیشت (عجماع) — افریقی نژاد امریکیوں کے ملکیتی کاروباروں کی تعمیر اور مدد۔
- مقصد (نیہ) — افریقی اور افریقی نژاد امریکیوں کی ثقافت، رواجوں، اور تاریخ کی یاد منانا۔
- تخلیق (کیومبا) — کمیونیٹوں کو بہتر اور خوبصورت بنانے کی خاطر اپنے تصورات کو عملی شکل دینا۔
- عقیدہ (ایمانی) — خاندانوں، لیڈروں، اساتذہ اور کمیونٹی لیڈروں پر اعتماد کرنا اور اُن کی حمایت کرنا۔
یہ مضمون ایک بار پہلے20 دسمبر2021 کو شائع کیا جا چکا ہے۔