
“شفاف حکومت” کو تضادات کا مجموعہ ہرگز نہیں ہونا چاہیے۔ اور اچھی بات یہ ہے کہ ایسی قومی حکومتوں کی تعداد روز افزوں ہے جو اپنی شفافیت میں اضافہ کر رہی ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ شفاف حکومت تضادات کا مجموعہ نہ ہو۔
2011ء میں شفاف حکومت کی شراکت داری کی ابتدا سے اب تک، اس کے ارکان کی تعداد بڑھ کر 75 تک پہنچ چکی ہے۔ رکن ممالک اپنے شہریوں کو سرکاری کارروائیوں کی جانچ پڑتال کی اجازت دیتے ہیں۔ وہ کمپیوٹروں یا موبائل فونوں کے ذریعے شہریوں کو سرکاری کاغذات اور دوسری کارروائیوں تک رسائی فراہم کرتے ہیں، اور ڈیجیٹل ذرائع سے ان کے سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ سرکاری بدعنوانیوں کا کھوج لگانے اور ان کے سدِباب میں مدد کرنے میں شہریوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
ورلڈ جسٹس پراجیکٹ کی جانب سے شائع کی جانے والی، شفاف حکومتوں کی درجہ بندی میں بعض بڑے ترقی یافتہ اور ایستونیا، چلی، کوسٹا ریکا اور سنگاپور جیسے کچھ چھوٹے ممالک سرِفہرست ہیں۔ بعض دوسرے ملکوں نے بھی اہم پیشرفتیں کی ہیں جن میں سے چند ایک کی مثالیں مندرجہ ذیل ہیں:
کولمبیا
- شہریوں کو اس بات کی اجازت ہے کہ وہ حکومت کی سرگرمیوں پر آن لائن نظر رکھیں اور انہیں دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اپنی رائے سے حکومت کو آگاہ کریں۔
- اشیاء اور خدمات ملک کے الیکٹرانک پروکیورمنٹ سسٹم کے ذریعےآن لائن خریدی جاتی ہیں۔ اس طرح کارکردگی اور شفافیت میں اضافہ ہوتا ہے اور لاگتوں میں کمی آتی ہے۔
- بدعنوانی کے انسداد اور معلومات تک رسائی کے لیے قوانین بنائے گئے ہیں، اور مزید قوانین کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
انڈونیشیا

- شہریوں کو اس بات کی اجازت ہے کہ وہ عوام کو شہری سہولتوں کی فراہمی کی آن لائن نگرانی کریں اور ان کی تصدیق کریں۔
- صدر کے دفتر میں قائم کردہ ایک خاص یونٹ کے ساتھ “شفاف حکومت” کی سرگرمیوں میں ربط رکھا جاتا ہے۔
- بدعنوانیوں کی اطلاع دینے والے لوگوں کو قانونی تحفظ فراہم کیا جاتا ہے اور عوام تک معلومات کی رسائی کے ایک خصوصی دفتر کے لیے عملہ فراہم کیا جاتا ہے۔
- قومی اور مقامی سطح پر ترقی کے منصوبوں پر تبادلۂ خیال کے لیے عوامی اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں۔
رومانیہ
- آمدنی اور اخراجات کے حکومتی اعداد و شمار تک عوام کو آن لائن رسائی میسر ہے۔
- شہریوں کو دعوت عام دی جاتی ہے کہ وہ عوامی سہولتوں اور مجوزہ پالیسیوں کے بارے میں آن لائن اپنی رائے سے آگاہ کریں۔
- عدالتوں کے 20 لاکھ فیصلے آن لائن پوسٹ کیے گئے ہیں اور عدالتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اعداد و شمار اکٹھے کیے جاتے ہیں۔
- وزیرِ اعظم اورشفافیت کی کاروائیوں کی نگرانی کرنے والی ایک وزارت ماہانہ اجلاس منعقد کرتے ہیں، کمپیوٹر کے ماہرین کے اور تربیتی اجتماعات ہوتے ہیں، نیز شفاف حکومت کا ایک ہفتہ منایا جاتا ہے۔
کینیا

- ایک آن لائن پلیٹ فارم قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے شہری شادی کے سرٹیفکیٹوں، ڈرائیونگ لائسنسوں، پاسپورٹوں اور دیگر دستاویزات کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں۔
- مردم شماری کے اعداد و شمار اور سرکاری رپورٹیں ایک عوامی ڈیٹا پلیٹ فارم پر شائع کی جاتی ہیں۔
- ایک ہی مقام پر خدمات مہیا کرنے والے سنٹروں کا ایک نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے ایسے لوگوں کو عوامی سہولتوں کے استعمال کے لیے آئی ٹی کی مدد فراہم کی جاتی ہے جنہیں عوامی خدمات سے فائدہ اٹھانے کے لیے انٹرنیٹ یا موبائل کی سہولتوں تک رسائی حاصل نہیں ہے۔
- ووٹروں کی رجسٹریشن اور امیدواروں کے بارے میں معلومات آن لائن مہیا کی جاتی ہیں۔
تیونس

- تیل اور گیس کی صنعت کے بارے میں اعدادوشمار آن لائن پوسٹ کیے جاتے ہیں۔
- ایک ایسی ویب سائٹ چلائی جاتی ہے جو معلومات کے حصول کی درخواستوں کو براہِ راست متعلقہ سرکاری ایجنسیوں کو ارسال کرتی ہے۔
- پالیسیوں کے بارے میں عوامی آرا کو آن لائن پوسٹ کیا جاتا پے۔
- شہریوں کو اپنے بِل آن لائن یا موبائل آلات کے ذریعے ادا کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
- “شہریوں کا بجٹ ” عام شہریوں کی آسانی کے لیے سادہ زبان میں جاری کیا جاتا ہے۔