کرسمس کی چھٹیوں کے لیے سجاوٹ وائٹ ہاؤس کی ایسی رسم ہے جس کا خاصا انتظار رہتا ہے اور ہر سال ہزاروں لوگ اس پُرمسرت موقع پر وائٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش کو دیکھنے آتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں پہلی کرسمس منانے کے لیے خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے اپنے اہلخانہ کے لیے ‘سدابہار روایات’ کا ماحول ترتیب دیا ہے جس کا مقصد وائٹ ہاؤس میں کرسمس اور نئے سال کے تہواروں کی 200 سالہ روایات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
چائنا روم میں داخل ہونے والے مہمانوں کو بے تکلفانہ کرسمس ڈنر کے لیے تیار کی گئی چینی نمونے کی وہ میزیں دکھائی دیتی ہیں جو صدر ریگن اور ان کی اہلیہ یہاں لائے تھے۔ اس سے قریب ہی لائبریری میں صدر فرینکلن روزویلٹ کی چارلس ڈکنز کی ‘ اے کرسمس کیرول‘ کے 1866ء کے نسخے رکھے گئے ہیں۔ بڑے داخلی کمرے اور راہداری میں برف سے ڈھکے صنوبر کے درخت جادوئی تاثر پیدا کرتے ہیں۔ ان جگہوں کو وائٹ ہاؤس میں مخصوص ماحول ترتیب دے کر منائی گئی پہلی کرسمس کی یاد تازہ کرنے کے لیے اسی طرز پر سجایا گیا ہے۔ (1961 میں منائی گئی اس کرسمس میں ‘دی نٹ کریکر سوئیٹ بیلے’ کا ماحول ترتیب دیا گیا تھا)۔
خاتون اول کہتی ہیں، “میں امید کرتی ہوں اس سال جب لوگ اس عوامی گھر کی سیر کو آئیں گے تو انہیں یوں محسوس ہو گا کہ وہ چھٹیوں کے دوران تہوار منانے اپنے گھر آئے ہوئے ہیں۔ اپنے شوہر اور [بیٹے] بیرن کی جانب سے میں سبھی کو کرسمس اور پُرمسرت تہواروں کی مبارک باد پیش کرتی ہوں۔”









