نومنتخب صدر ٹرمپ کے نامزد کردہ کابینہ کے اہم امیدواران میں سے بہت سے اس وقت سب کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں کیونکہ 20 جنوری کو ہونے والی صدارتی حلف برداری سے پہلے سینیٹ نے ان کی توثیق کے لئے سماعت کا انعقاد شروع کر دیا ہے۔

مثال کے طور پر، ریکس ٹِلرسن نے جو کہ وزیرخارجہ کے طور پر ٹرمپ کا انتخاب ہیں، 11 جنوری کو سینیٹ کی امورخارجہ کی کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر سوالات کے جوابات دیئے۔

اگرچہ سینیٹ کی توثیق ایک باضابطہ اور مرحلہ وار عمل  ہے تاہم یہ ایک ہلکا پھلک پہلو بھی رکھتا ہے۔

ذیل میں اس توثیقی عمل کے چند ایک یادگار لمحات کی ایک جھلک پیش کی جا رہی ہے:

  • اولین اور تیز ترین: 1789ء میں جب جارج واشنگٹن نے اپنی کابینہ کے نامزد کردہ اولین وزیر، ایلیگزینڈر ہیملٹن کو بطور وزیر خزانہ توثیق کے لیے سینیٹ میں بھیجا تو محض چند منٹوں کے اندر اُن کی توثیق کر دی گئی۔ کانگریس کے نزدیک کابینہ کا سب سے اہم محکمہ، خزانہ کا محکمہ تھا۔ آج  ہیملٹن کی کہانی براڈوے کی ایک سنسنی خیز پیشکش کا موضوع بھی ہے۔
  • سب بیک وقت: امریکہ کے عظیم مالی بحران کے دوران، فرینکلین ڈی  روزویلٹ (ایف ڈی آر)  اس کام کو جلد ازجلد نمٹانا چاہتے تھے۔ لہذا انہوں نے سینیٹ سے بغیر سماعت کے اپنی کابینہ کی توثیق کرنے کو کہا اور سینیٹ نے ان کی بات مان لی۔ ایف ڈی آر کی پوری کابینہ نے ان کی تقریب حلف برداری کے فوراً بعد بیک وقت حلف اٹھایا۔
  • اولین افریقی نژاد امریکی: 1966ء میں صدر لنڈن بی جانسن نے رابرٹ سی ویور کو رہائش اور شہری ترقی کا وزیر منتخب کیا۔ واشنگٹن کے مرکز میں واقع وفاقی دفتر کی ایک دس منزلہ عمارت ان کے نام سے منسوب ہے۔
  • چند ایک استردات: سینیٹ نے نامزد کردہ کابینہ کے امیدواروں میں سے اب تک صرف نو مسترد کیے ہیں۔ عام طور پر چھان بین کے عمل کے دوران اگر کسی نامزدہ کردہ فرد کا کوئی قابل اعتراض یا قابل ندامت فعل سامنے آ جائے تو متعلقہ فرد خود ہی اس عمل سے اپنا نام واپس لے لیتا/لیتی ہے۔ 1813ء اور 1814ء میں دسویں امریکی صدر، جان ٹائلر کے نامزد کردہ چار امیدوار مسترد کئے گئے۔
  • اولین تذکرہ: “کابینہ” کی اصطلاح کا آئین میں کبھی بھی تذکرہ نہیں کیا گیا۔ جیمز میڈیسن وہ پہلے صدر تھے جنہوں نے برطانیہ کی “برٹش پریوی کونسل” کی مناسبت سے اس اصطلاح کا استعمال کیا۔
  • کابینہ کے اراکین کے علاوہ دیگر لوگ: سینیٹ غیر سیاسی نامزدگیوں، فوج میں ترقیوں اور دیگر سول عہدوں کی توثیق بھی کرتی ہے۔ ان عمومی نامزدگیوں کی تعداد پچاس ہزار سے ایک لاکھ تک ہو سکتی ہے۔