17 مارچ کو ہر کوئی آئرش ہوتا ہے

آئرلینڈ کے بزرگ پیشوا سینٹ پیٹرک کے نام سے منایا جانا والا دن، اب صرف آئرش ہی نہیں بلکہ ہر رنگ و نسل کے لوگوں کے لیے خوشیاں منانے کا دن بن گیا ہے۔ دنیا بھر میں منائی جانے والی بعض روایات میں شمار ہونے والی ان سب سے زیادہ ہر ہردلعزیز روایات کا آغاز، امریکہ  سے ہوا تھا۔

سینٹ پیٹرک ڈے کا جشن منانے کا سب سے پرانا دستیاب ریکارڈ، بوسٹن میں 1737 میں منائے جانے والے سینٹ پیٹرک کا ہے۔ کووڈ  کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات کی وجہ سے دو سال کے تعطل کے بعد، بہت سے امریکی قصبے اور شہر 2022 کے سینٹ پیٹرک ڈے کی تقریبات کے انعقاد کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ چاہے وہ ڈبلن نامی قصبے ہوں یا اٹلانٹا، شکاگو، منیاپولس-سینٹ۔ پال یا سان فرانسسکو جیسے بڑے شہر ہوں، امریکی پورے اہتمام کے ساتھ ہونے والی پریڈوں سے لطف اندوز ہوں گے۔ یاد رہے کہ آئرلینڈ کے دارالحکومت، ڈبلن کے نام کی مناسبت سے “ڈبلن” نام کے قصبے پورے امریکہ میں پھیلے ہوئے ہیں۔

People in parade (© AP Images)
سینٹ پیٹرک ڈے کی 1948ء کی پریڈ میں، نیویارک کے ففتھ ایونیو پر فوجی پریڈ کر رہے ہیں۔ (© AP Images)

سینٹ پیٹرک کے دن کی دیگر مشہور “روایات” درحقیقت آئرلینڈ میں رہنے والے بہت سے لوگوں کے لیے نئی چیزیں ہیں۔ آئرلینڈ میں ایک نسل پہلے تک یہ دن مکمل طور پر ایک مذہبی ضیافت کے  طور پر منایا جاتا تھا۔  لوگوں کو اس دن ہرے رنگ کے کپڑے پہننے اور نہروں اور تالابوں میں ہرا رنگ گھولنے یا  گائے کا نمکین  گوشت اور بند گوبھی کھانے  کا خیال  کیسے آیا؟ اس کے جواب کے لیے ہمیں ایک بار پھر امریکہ پرہی نظر ڈالنا ہوگی۔

جیسا کہ تاریخ دانوں اور امریکہ کے مردم شماری کے بیورو کے فراہم کردہ ذیل میں دیئے گئے حقائق سے عیاں ہے، آئرش نژاد امریکی اپنی اُس شاندار تاریخ کے امین ہیں جو نوآبادیاتی دور سے شروع ہوتی ہے۔

  • صدر بائیڈن سمیت، تئیس امریکی صدور کے آباواجداد آئرش ہیں۔ اینڈریو جیکسن واحد صدر ہیں جن کے والد اور والدہ، دونوں آئرلینڈ میں پیدا ہوئے تھے
  • 1776ء کے اعلان آزادی پر دستخط کرنے والوں میں سے نو، یا تو خود آئرش تارکین وطن تھے یا اُن کی اولاد تھے۔ جارج واشنگٹن کی جنگ آزادی کے 20 سے زیادہ جنرلوں کا تعلق آئرلینڈ سے تھا اور امریکی بحریہ میں کمیشن حاصل کرنے والا پہلا آدمی بھی آئرلینڈ سے ہی تھا۔
  • 1861 سے 1865 تک ہونے والی امریکی خانہ جنگی میں لڑنے والے امریکیوں میں سے 190,000 سے زیادہ آئر لینڈ میں پیدا ہوئے۔
  • امریکہ کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز کانگریشنل میڈل آف آنر، آئرلینڈ میں پیدا ہونے والے 253 مردوں کو دیا جا چکا ہے۔ ماسوائے امریکہ کے، کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں یہ تعداد سب سے زیادہ ہے۔
  • 3کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ امریکیوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے آبا واجداد آئر لینڈ سے آئے تھے۔ یہ تعداد خود آئر لینڈ کی اپنی آبادی سے سات گنا زیادہ ہے۔
Woman in St. Patrick’s Day costume (© AP Images)
سوانا، جارجیا میں، ایک پریڈ دیکھنے والی خاتون۔ (© AP Images)

امریکہ میں سینٹ پیٹرک کا دن ہر شخص کے لیے — خواہ وہ آئرش ہو یا نہ ہو —  خوشیاں منانے کا دن اور “آئرش پن” کی اپنے حساب سے تعریف متعین کرنے کا دن ہے۔ ایک کہاوت کے مطابق، سینٹ پیٹرک کے دن  سب ہی آئرش ہوتے ہیں۔

 ابتدا میں یہ مضمون 16 مارچ 2017 کو شائع کیا گیا۔