کھیلوں میں حصہ لینے والی لڑکیاں کامیاب رہتی ہیں

پیانگ چانگ میں ہونے والے سرمائی اولمپک اور پیرالمپک کھیلوں میں خواتین کھلاڑی اپنی ذہانت اور مقابلے کے جوش کی بدولت دنیا بھر کے ناظرین کو حیران کر کے رکھ دیں گی۔ وہ ہمیں یہ بھی یاد دلائیں گی کہ لڑکیوں اور عورتوں کے لیے کھیلوں کی کیا اہمیت ہے۔

خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے جنوبی کوریا کے دورے کے دوران صنفی مساوات کے فروغ کے لیے نوجوانوں سے ملاقات میں کہا، “کھیلیں بچوں کو ٹیم ورک، ایثار، نظم و ضبط اور دباؤ میں کامیاب ہونے کے طریقے سکھاتی ہیں۔”

Figure skater skating, with words overlaid (© AP Images)

اس موقع پر انہوں نے کہا، “جب ہم لڑکیوں اور لڑکوں کو کھیلوں تک برابر رسائی کی ضمانت دیتے ہیں تو ہم ان کے لیے ان گراں قدر صلاحیتوں کے حصول کے مساوی مواقعوں کو یقینی بناتے ہیں۔” انہوں نے یہ دورہ سیئول میں امریکی سفارت خانے کے زیراہتمام “گرلز پلے 2” [لڑکیاں بھی کھیلتی ہیں] نامی پروگرام کے لیے کیا تھا۔ (اس پروگرام کے بارے میں مزید جاننے کے لیے ٹویٹر پر ہیش ٹیگ #GirlsPlay2 کو فالو کیجیے۔)

اولمپک میں سونے کا تمغہ جیتنے والی سابق تیراک جینیٹ ایونز کہتی ہیں، “کھیل نظم و ضبط سکھاتا ہے اور اس سے مجھے یہ اعتماد ملا ہے کہ میں اپنے ذہن میں جو کچھ کرنے کی سوچ لوں وہ کر سکتی ہوں۔”

Speedskater skating, with words overlaid (© AP Images)

2015 کی ایک رپورٹ کے مطابق کھلاڑی کی حیثیت سے پیدا ہونے والی خصوصیات خواتین کو کاروباری کامیابی میں بھی مدد دیتی ہیں۔ مشہور زمانہ “فارچون 500 کمپنیوں” میں شامل خواتین کاروباری منتظمین میں 80 فیصد نے بتایا ہے کہ وہ زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں۔ (ان کمپنیوں کی سربراہی کرنے والی خواتین کی 95 فیصد کی ایک حیران کن تعداد کھیلوں کے مقابلے میں میں حصہ لے چکی ہے۔)

یونیورسٹی آف ٹینیسی، ناکس ول کے’ کھیل، امن اور معاشرے کا مرکز’ چلانے والی سارہ ہلیئر کہتی ہیں، “جب عزم و ارادے اور کامیابی کی بات ہو تو پھر کھیلوں کو نظرانداز کرنا ناممکن ہو جاتا ہے۔”

Snowboarder in air, with words overlaid (© Matthew Stockman/Getty Images)

ویمن سپورٹس فاؤنڈیشن جیسے اداروں کی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کھیلیں لڑکیوں میں انہماک سے کام کرنے اور اعلٰی درجے کی منظم سوچ کو بہتر بناتی ہیں۔

ہلیئر کہتی ہیں، “کھیلوں میں حصہ لینے والی لڑکیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے، ان میں اعتماد بڑھتا ہے، وہ تعلیمی میدان میں اعلیٰ کامیابیاں حاصل کرتی ہیں اور ان کی فلاح و بہبود بھی بہتر ہوتی ہے۔” یہ بات کھیلوں کے حوالے سے  ہر سطح کی صلاحیت کی حامل لڑکیوں پر صادق آتی ہے۔

Skier in air, with words overlaid (© Matthew Stockman/Getty Images)

لڑکیوں کی  صحت پران جانے پہچانے فوائد کے ساتھ ساتھ کھیل انہیں موٹاپے، زیابیطس اور چھاتی کے کینسر سے بچاؤ میں بھی مدد دیتے ہیں۔

لڑکیوں کے لیے کھیلوں سے یہ تمام فوائد حاصل کرنے کی خاطر اولمپکس میں جگہ بنانا ضروری نہیں ہے۔ جیساکہ میلانیا ٹرمپ نے سیئول کے دورے کے دوران کہا، “بعض لڑکیاں اولمپین بننا چاہتی ہیں اور بہت سی صرف متحرک رہنے اور تفریح کے طور پر کھیلوں سے لطف اندوز ہونا چاہتی ہیں۔”