25 برس میں پہلی مرتبہ گاڑیوں کے کسی نئے اسمبلی پلانٹ نے ڈیٹرائٹ میں کام شروع کیا ہے۔ مگر 20 نومبر کو افتتاحی فیتہ کاٹنے والے ادارے کا تعلق جنرل موٹرز یا فورڈ سے نہیں بلکہ ممبئی سے تعلق رکھنے والی مصنوعات سازی کی ایک بہت بڑی کمپنی ‘مہندرا اینڈ مہندرا ‘ سے ہے۔ اس کمپنی نے بھارتی کسانوں کے لیے ٹریکٹر بنانے شروع کیے تھے اور اب یہ ‘کاروں کا شہر’ کہلانے والے اس شہر میں اپنے قدم جما رہی ہے۔
‘مہندرا اینڈ مہندرا’ کو انجینئرنگ کی مہارتوں کی کشش یہاں کھینچ لائی۔ آنے والے پانچ برسوں میں اس کمپنی کا منصوبہ ہے کہ امریکہ میں اپنی موجودہ ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کو بڑہا کر دگنا کر دیا جائے۔ ڈیٹرائٹ میں قائم کردہ نیا پلانٹ اس اقدام کا مرکزی حصہ ہے۔

مہندرا اینڈ مہندرا کے مینجنگ ڈائریکٹر پون گوئنکا کا کہنا ہے، “یہ ایک الٹ صورتحال ہے کہ ایک بھارتی کمپنی امریکہ میں کام شروع کر رہی ہے۔”
مشی گن کے شہر ٹروئے میں واقع مہندرا کے شمالی امریکی تکنیکی مرکز میں اس پلانٹ پر امریکی انجنیئر سڑک سے ہٹ کر یوٹلٹی [بجلی، پانی، گیس وغیرہ کی سہولیات] کے کاموں میں استعمال ہونے والی گاڑیاں تیار کرتے ہیں۔ کمپنی کے گاڑیوں سے متعلق عالمی تحقیق و ترقی کے امور یہیں انجام پاتے ہیں۔
‘مہندرا اینڈ مہندرا’ کمپنی اپنی مسافر بردار گاڑیوں کو جدید بنانے کے لیے 2013 میں پہلی مرتبہ مشی گن آئی تھی۔ جب کمپنی کو درکار انجنیئرنگ کی مہارتیں بھارت میں دستیاب نہ ہو سکیں تو کمپنی نے دنیا میں گاڑیوں کی تیاری کے سب سے بڑے مرکز، ڈیٹرائٹ کا رخ کیا تاکہ ٹویوٹا، فورڈ اور دوسرے بڑے اداروں کے لیے تیار کیے جانے والے تکنیکی افراد کی خدمات حاصل کی جا سکیں۔ امریکہ میں کارکنوں کی اجرت کے نرخ خاصے زیادہ ہوتے ہیں مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ ڈیٹرائٹ کے کارکنوں کی اعلیٰ درجہ کی مہارتیں حساب برابر کر دیتی ہیں۔ امریکہ میں اشیا کی تیاری اور جانچ پڑتال کا عمل تیزی سے طے پاتا ہے۔

سرمایہ کاری کی بین الاقوامی تنظیم’ کی چیف ایگزیکٹو نینسی مکلرنن کہتی ہیں، “یہ اس امر کی زبردست مثال ہے کہ عالمگیر روابط امریکہ کے لیے کس قدر اہمیت رکھتے ہیں۔” امریکہ میں عالمی کاروباری اداروں کی یہ ایک خودمختار تنظیم ہے۔
مکلرنن کا کہنا ہے، “جب ہم عالمگیر روابط کی بات کرتے ہیں تو بہت سے لوگ صارف کے طور پر وال مارٹ [کمپنی] کے بارے میں سوچنے لگتے ہیں۔ تاہم اس کا تعلق اس امر سے ہے کہ عالمی روابط سے روزگار کے مواقع کیسے پیدا ہوتے ہیں۔”
‘مہندرا اینڈ مہندرا’ کے ایگزیکٹو چیئرمین آنند مہندرا کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی امریکہ میں کاروبار کے حوالے سے بے حد پرجوش ہے۔
مہندرا نے اپنے ادارے کو وسعت دینے کی بابت منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا، “ہم امریکہ اور اس کی مہارت کے بے حد قائل ہیں۔ ہم امریکہ میں اپنی سرمایہ کاری کو دگنا کر رہے ہیں۔ اس سے امریکی معیشت کی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔”