ایوانکا ٹرمپ عورتوں کو اقتصادی طور پر با اختیار بنانے کی اعلیٰ سطحی کانفرنس میں شرکت کے لیے جرمنی کا دورہ کریں گی۔
جرمنی کی چانسلر انگیلا مرکل نے اپنے وائٹ ہاؤس کے حالیہ دورے کے دوران، “دخترِ اول” کو جرمنی آنے کی دعوت دی تھی۔
اعلیٰ سطحی ڈبلیو 20 کانفرنس، اپریل کے آخر میں برلن میں منعقد ہو رہی ہے اور یہ جی 20 ممالک کی ایک کوشش ہے جو عورتوں کے مسائل پر مرکوز ہے۔ ایوانکا ٹرمپ فی الحال اپنے برلن کے دورے کی تفصیلات طے کر رہی ہیں۔ وہ وائٹ ہاؤس میں بلا تنخواہ کام کرنے والی ملازمہ ہیں اور اِن کا عہدہ صدر کے معاون کے برابر ہے۔ انہیں امید ہے کہ وہ اپنے دورے کے دوران کامیاب تربیتی پروگراموں کا مطالعہ کر سکیں گی۔
Looking forward to promoting the role of women in the economy and the future of our workforce globally #W20 https://t.co/1OB9TK6poH
— Ivanka Trump (@IvankaTrump) March 27, 2017
صدر ٹرمپ نے 27 مارچ کو چھوٹے کاروباری ادارے چلانے والی عورتوں کے ساتھ ایک ملاقات میں ان منصوبوں کے بارے میں بات کی تھی۔ انھوں نے عورتوں کے لیے اقتصادی پالیسیوں کے بارے میں اپنی بیٹی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا، “وہ چانسلر مرکل کے ساتھ اسی قسم کے مسائل پر کام کریں گی۔ یہ سب آپ کے لیے بڑا دلچسپ ہوگا۔”
حال ہی میں جب مرکل نے وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا، تو ایوانکا ٹرمپ نے ممتازامریکی اور جرمن کاروباری شخصیات کے مابین ایک ملاقات کا اہتمام کرنے میں مدد کی تھی تا کہ پیشہ ورانہ تربیت پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔ (جرمن عہدے داروں کی تجویز پر ہونے والی یہ ملاقات، اس نوعیت کا دوسرا موقع تھا جب غیرملکی لیڈروں نے ایوانکا ٹرمپ سے اقتصادی امور پر تبادلۂ خیال کا انتظام کرنے کے لیے رابطہ قائم کیا۔ کینیڈا کے وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو نے فروری میں عورتوں کے لیے مواقعوں کے بارے میں ایک ملاقات کا بندوست کرنے کے سلسلے میں انہیں مدد کرنے کو کہا تھا۔)
ایوانکا ٹرمپ نے عورتوں کے لیے اقتصادی مواقع کو وسعت دینے کا عہد کر رکھا ہے اور وہ اپنے والد کے صدارتی عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہی کچھ عرصے سے تربیتی پروگراموں کے بارے میں اعلیٰ کاروباری شخصیات کے ساتھ تبادلۂ خیالات کرتی رہی ہیں۔