اوباما خاندان کی " لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے دیں" نامی مہم کے فروغ کے لیے، خاتون اول مشیل اوباما افریقہ کے دورے پر ہیں۔ (© AP Images)

کاکاٹا، لائبیریا  — خاتون اول مشیل اوباما نے افریقہ کے اپنے تازہ ترین دورے کے آغاز میں لائبیریا میں لڑکیوں کے ایک لیڈرشپ کیمپ کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے اس موقع پر دنیا کے غریب ترین ممالک میں شمار ہونے والے اس ملک کی نوجوان لڑکیوں پر سکول میں تعلیم حاصل کرنے کی جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا۔

اپنی نوجوان بیٹیوں کے ہمراہ، مشیل اوباما نے لڑکیوں کو بتایا کہ وہ ” اُن کے ہاں آ کر بہت ہی خوش ہوئی ہیں۔”

انہوں نے کہا، ” میں آپ کی اہمیت اجاگر کرنے آئی ہوں۔”


خاتون اول کے دورے کا بنیادی موضوع  لڑکیوں کے لیے تعلیم
 ہے۔ وہ اس کے علاوہ مراکش اور سپین بھی جائیں گی۔

خاتون اول کے اس دورے کے سلسلے میں امریکی ادارے برائے بین الاقوامی ترقی نے لائبیریا میں  “لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے دیں” نامی پروگرام کے لیے 27 ملین ڈالر تک کی رقم کا اعلان کیا ہے۔

اوباما گھرانے کا لائبیریا کے دارالحکومت میں پرجوش استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر امریکہ اور لائبیریا کے پرچموں کے سرخ، سفید اور نیلے رنگوں میں ملبوس روایتی رقاصوں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

خاتون اول اپنی والدہ اور بیٹیوں، 18 سالہ مالیا اور 15 سالہ ساشا کے ہمراہ یہ دورہ کر رہی ہیں۔ مالیا نے حال ہی میں ہائی سکول سے گریجوایشن کی ہے۔

 

 

لائبیریا 1989 اور 2003 کے درمیان ہونے والی خانہ جنگی سے تباہ ہوگیا تھا۔ 2014ء میں ملک بھر میں ایبولا کی وبا پھیلی جس سے 4,800 افراد ہلاک ہوئے۔ سکول کئی مہنیوں تک بند رہے۔

اس ملک کا قیام آزاد کردہ امریکی غلاموں کو ازسرِنو آباد کرنے کی کوشش کے ایک حصے کے طور پر عمل میں آیا۔ لائبیریا کے امریکہ کے ساتھ گہرے روابط ہیں۔ کاکاٹا میں واقع ملک کا سب سے پرانا پیشہ ورانہ تعلیم کا ثانوی سکول، افریقی نژاد امریکی شہری حقوق کے ایک سرگرم کارکن، بُکر ٹی  واشنگٹن کے نام سے منسوب ہے۔

سکول کے پرنسپل ہیرس ٹارنیو نے بتایا کہ سکول نے 27 جون سے شروع ہونے والے وسطی مدت کے امتحانات ملتوی کر دیے تا کہ ” طالبعلم مسز اوباما کا بھرپور استقبال کرکے، امریکہ نے ہمارے لیے جو کچھ کیا ہے اُس کی تحسین کر سکیں۔”

انہوں نے کہا، ” اُن کی یہاں پر موجودگی نوجوان لڑکیوں کے لیے حقیقی معنوں میں حوصلہ افزا ثابت ہوگی۔”

اوباما اس سے قبل افریقی ممالک گھانا، جنوبی افریقہ، بوٹسوانہ، سینی گال اور تنزانیہ کے دورے کر چکی ہیں۔