2017 ایک یادگار سال تھا۔ امریکیوں نے 45ویں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کا جشن منایا اورآسمان میں ایک حیرت انگیز سورج گرہن اور ‘سپرمون’ کے ظہور کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے سمندری طوفان ہاروی، کیلیفورنیا کے جنگلوں میں لگی آگ، اور دوسری قدرتی آفات سے بے گھر ہونے والوں کی دردمندانہ اور پُرعزم طور سے مدد کی۔ انہوں نے 40 سال بعد نیویارک سٹی میراتھن میں پہلی امریکی خاتون کی کامیابی کی خوشی منائی، لیونارڈو ڈوِنچی کی ازسرنو دریافت ہونے والی پینٹنگ کی کامیاب بولی دی اور سِنسِناٹی شہر کے چڑیا گھر میں دریائی گھوڑے کے قبل ازوقت جنم لینے والے بچے کو سوشل میڈیا پر نمایاں کیا۔
حلف برداری (اوپر)
پہلے امریکی صدر جارج واشنگٹن سے لے کر اب تک تمام صدور عہدہ سنبھالنے کے موقع پر امریکی آئین میں درج 35 الفاظ پر مشتمل حلف اٹھاتے ہیں جس کے الفاظ یہ ہیں: “میں صدقِ دل سے قسم اٹھاتا ہوں کہ میں امریکہ کے صدر کی حیثیت سے وفادارانہ انداز میں ذمہ داریاں نبھاؤں گا اور امریکی آئین کے تحفظ اور دفاع کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لاؤں گا۔” 20 جنوری کی دوپہر یو ایس کیپیٹل [امریکی کانگریس] کی عمارت کی مغربی سمت میں جھنڈوں سے آراستہ ایک تقریب میں، ڈونلڈ جے ٹرمپ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
مکمل سورج گرہن

آسمانی مظاہر سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے مکمل سورج گرہن سے زیادہ دلچسپ شے اور کوئی نہیں ہو سکتی۔ زمین پر مکمل سورج گرہن سال میں ایک یا دو مرتبہ دکھائی دیتا ہے۔ مکمل گرہن کی چوڑائی صرف 50 میل ہوتی ہے اور بیشتر علاقوں میں ایسا صدی میں صرف ایک مرتبہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ اسی لیے لاکھوں امریکیوں کے لیے یہ گرہن ایک ایسا پرجوش نظارہ تھا جو 21 اگست کو ریاست اوریگن سے جنوبی کیرولائنا تک پورے براعظم میں دیکھا گیا۔ اس دوران دن کے وقت سورج تاریک دکھائی دیا جس کے آتشیں کناروں کے بیچوں بیچ چاند نے اپنا سایہ ڈال دیا تھا۔ یہ نظارہ چند منٹ ہی جاری رہا۔ تاہم امریکیوں کو اسی طرح کے اگلے منظر سے محظوظ ہونے کے لیے زیادہ عرصہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ اگلا مکمل سورج گرہن اپریل 2024 میں دکھائی دے گا۔
افق پر سپر مون کا نظارہ

سپرمون کا نظارہ سورج گرہن کی نسبت زیادہ عام ہے مگر یہ خوبصورت نظارہ بھی اسی وقت دیکھنے کو ملتا ہے جب پورا چاند اپنے مدار میں زمین سے قریب ترین ہوتا ہے۔ اس وقت عام راتوں کے مقابلے میں کھلی آنکھ سے دیکھنے سے چاند، 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔ یہ منظر 3 دسمبر کو لاس اینجلیس کے آسمان پر دیکھا گیا۔ سپرمون اوسطاً 14 قمری مہینوں کے بعد دکھائی دیتا ہے۔ بعض سپرمون دوسروں سے زیادہ بڑے ہوتے ہیں۔
قدیم شاہکار کا نیا ریکارڈ

لیونارڈو ڈوِنچی کی 20 سے کم پینٹنگز باقی رہ گئی ہیں۔ نشاۃ ثانیہ کے دور سے تعلق رکھنے والے اس اطالوی مجسمہ ساز، موجد، ماہر تعمیرات اور سائنس دان نے ‘مونا لیزا‘ اور ‘دی لاسٹ سپر‘ جیسی تصاویر بنائی تھیں۔ جب اس کی ازسرنو دریافت ہونے والی پینٹنگ ‘سالویٹر مونڈی‘ آرٹ کی مارکیٹ میں سامنے آئی تو یہ طے تھا کہ 2015 میں 179 ملین ڈالر میں فروخت ہونے والی پکاسو کی تصویر کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔ تاہم کسی کو یہ توقع نہیں تھی کہ نیویارک کے کرسٹی نیلام گھر میں اس کی کامیاب بولی 450 ملین ڈالر تک پہنچے گی او ایک نامعلوم خریدار یہ رقم تین اقساط میں ادا کرے گا/گی۔ اس آئل پینٹنگ میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو ایک ہاتھ بلند کیے اور دوسرے میں ایک کرہ اٹھائے دکھایا گیا ہے۔ یہ تصویر ابوظہبی کے لوور آرٹ میوزیم میں نمائش کے لیے رکھی جائے گی۔
خلاف توقع کارنامہ

جنوری میں سِنسِناٹی کے چڑیا گھر میں دریائی گھوڑے کا فیونا نامی بچہ، وقت سے چھ ماہ پہلے پیدا ہوا۔ اس بچے کا وزن محض 13 کلوگرام تھا جو کہ ریکارڈ میں سب سے چھوٹے دریائی گھوڑے کے پیدائشی وزن سے بھی قریباً آدھا تھا۔ بوتل سے دودھ پلانے اور عمدہ نگہداشت کی بدولت جلد ہی فیونا کا وزن بڑھ گیا۔ سال کے آخر تک دریائی گھوڑے کے اس مادہ بچے کا وزن 270 کلوگرام تک پہنچ گیا اور اسے ناصرف سوشل میڈیا بلکہ چڑیا گھر میں بھی مقبولیت حاصل ہوئی۔
نیویارک سٹی کا اعزاز

ہر سال امریکہ میں ہونے والی 1100 میراتھن دوڑوں میں پانچ لاکھ لوگ حصہ لیتے ہیں۔ ان میں نیویارک سٹی میراتھن میں سب سے زیادہ لوگ شرکت کرتے ہیں جو سٹیٹن جزیرے سے شروع ہو کر شہر کے پانچوں بروز [قصبات] سے ہوتی ہوئی سنٹرل پارک میں اختتام پذیر ہوتی ہے۔ 26 میل اور 385 گز یا 42.2 کلومیٹر فاصلے کی اس دوڑ میں 50 ہزار افراد شرکت کرتے ہیں۔ 5 نومبر کو یہ دوڑ میزبان شہر کے لیے اُس وقت خوشی کا ایک خاص موقع بن گئی جب 40 سال بعد 36 سالہ شیلین فلینیگن نے یہ میراتھن جیتنے والی پہلی امریکی خاتون کا اعزاز حاصل کر لیا۔ فلینیگن نے 2008 کے اولمپک کھیلوں میں 10 کلومیٹر دوڑ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا جبکہ 2016 میں ریو میں منعقد ہوے والی اولمپکس کی میراتھن دوڑ میں چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔
ہاروی طوفان کے بعد بے گھر لوگوں کی امداد

گزشتہ موسم گرما کے اواخر میں ہاروی نامی طوفان چار ہفتے تک غرب الہند اور خلیجی ساحلی ریاستوں سے ٹکراتے رہے۔ ہاروی نامی طوفان کے نتیجے میں جنوبی ٹیکساس میں 56 انچ بارش ہوئی اور ہیوسٹن شہر میں سیلاب آ گیا جس کے بعد ‘گیلری فرنیچر’ کے مالک نے اپنے شوروم کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے۔ اس کے نتیجے میں گلیڈیس ڈیسی اور ان کے دو ماہ کے بچے ایلیٹ (اوپر) سمیت، سینکڑوں افراد کو سر چھپانے کی جگہ ملی۔ 2017 میں آنے والی تمام قدرتی آفات میں ابتدائی مددگاروں اور رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد نے لوگوں کی جانیں بچائیں اور طوفانوں کے متاثرین کو مدد دی۔
کیلی فورنیا میں جنگل کی آگ کے خلاف جنگ

کیلی فورنیا سمندر کے قریب واقع ہے جس کے اردگرد قابل دید جنگلات اور سنگلاخ پہاڑ ہیں۔ گرمی، سورج اور خوبصورتی سال کے بیشتر حصے میں یہاں بیرون خانہ تفریح کو فروغ دیتی ہے۔ تاہم یہاں کی 39 ملین آبادی کے لیے فطرت کا رویہ اچانک تبدیل ہو سکتا ہے جیسا کہ اس موسم خزاں میں اُس وقت ہوا جب سانتا اینا کی ہواؤں نے ریاست کی تاریخ میں جنگلوں میں لگنے والی سب سے بڑی آگ کو تیزی سے بھڑکا دیا۔ کیلیفورنیا میں اوجائی کی طرح، پورے مغربی امریکہ سے آئے ہوئے آگ بجھانے والوں نے شعلوں کے خلاف جنگ لڑی۔
شیئر امیریکا کی فوٹو ایڈیٹر، شیری ایل بروک بیکر نے اس مضمون کے لیے تصاویر کا انتخاب کیا۔