امریکی کرنسی کی تاریخ میں پہلی بار امریکہ سونے کا ایک ایسا خصوصی سکہ بنائے گا جس پر خاتون آزادی کی حیثیت سے ایک افریقی نژاد امریکی عورت کی شبیہ ہوگی۔

یہ سکہ اُس ٹکسال کی 225 ویں سالگرہ کے موقعے پر جاری کیا جارہا ہے جو امریکہ کے محکمہ خزانہ کا ایک حصہ ہے اور جس کا کام سکے ڈھالنا ہے۔ 100 ڈالر کی قدر کا یہ سکہ، اگرچہ قانونًی ’پیسہ‘  ہوگا لیکن لوگ اسے خرید و فروخت کے لیے استعمال نہیں کریں گے۔ بلکہ یاد گاری کہلانے والے ان سکوں کو بہت سے لوگ جمع کریں گے۔

خاتونِ آزادی کسی حقیقی خاتون کی نمائندگی نہیں کرتی بلکہ یہ آزادی کی ایک علامت ہے۔ نیو یارک کی بندرگاہ پر امریکہ کے لیے فرانس کا تحفہ، مجسمہ آزادی غالباً اس علامت کے اظہار کی ایک بہترین شکل ہے۔

2017ء میں امریکی ٹکسال کی 225ویں سالگرہ پر جاری کیا جانے والا سونے کا یہ سکہ، 24 قیراط کے سونے سے تیار کیا جائے گا اور اپریل میں اس کی فروخت شروع ہوگی۔ سکے کی پشت پر پرواز کرتے ہوئے گنجے عقاب کی شبیہ ہوگی۔ گنجا عقاب امریکہ کا قومی نشان ہے۔

امریکہ کے محکمہ خزانہ نے امریکی کرنسی میں عورتوں اور رنگ دار لوگوں کی نمائندگی میں اضافہ کرنے کے اقدامات اٹھائے ہیں جن میں 2020ء میں ہیریٹ ٹب مین کی تصویر شامل کرنے کے لیے 20 ڈالر کے نوٹ کو دوبارہ ڈیزائن کرنا بھی شامل ہے ۔