ستمبر 2001 میں نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد، کینیا کے مسائی قبیلے کے لوگوں نے امریکی عوام کے لیے 14 گائیں بھجوانے کی کوشش کی۔
اِس خیال کو پیش کرنے والے ولسن کمیلی نیوما اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہتے ہیں، “کسی رنجیدہ دل کی دلجوئی کے لیے کوئی ایسی چیز دیں جو آپ کے دل سے پیاری لگتی ہو۔”
مسائی قبیلے کے نزدیک گائیں چونکہ زندگی کی علامت ہیں لہذا اِنہیں اسی جذبے کے تحت قبول کیا گیا۔ امریکی حکام نے امریکہ کے عوام کی جانب سے اِن گائیوں کی “ملکیت” قبول کی۔ تاہم انہوں نے مسائی گلہ بانوں سے کہا کہ وہ اِن کی کینیا میں ہی دیکھ بھال کریں تاکہ اُنہیں وہاں سے دوسری جگہ لے جانے میں حائل بعض مشکلات سے بچا جا سکے۔
یہ اُن بہت سی مثالوں میں سے ایک مثال ہے جس میں دنیا بھر کے لوگوں نے کھلے دل سے، صدمے سے دوچار ایک قوم کے لیے اپنے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ نیویارک میں واقع ستمبر 11 کی قومی یادگار اور میوزیم میں اُن کی اسی مہربانی پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
جس میوزیم میں اِن گائیوں کی پینٹنگز نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں اُس کےایک ڈائریکٹر، نوحا راچ کہتے ہیں، مسائی قبیلے کے لوگوں کے جذبے کو “9/11 کے بعد عالمی سطح پر محسوس” کیا گیا۔ اس نمائش میں، فرانس، جرمنی، جاپان اور دیگر بہت سارے ممالک کی طرف سے بھجوائے جانے والے کمبل، اور دیواروں پر بنائی گئی تصاویر بھی شامل ہیں۔
بین الاقوامی نقطہائے نظر
9/11 کے نیویارک، ورجینیا اور پینسلوینیا کے دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک ہونے والے 3,000 افراد میں، 90 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے 372 غیرملکی شہری بھی شامل تھے۔
راچ کے کہنے کے مطابق میوزیم میں آنے والے “9/11 کو جو کچھ ہوا اُس کے بارے میں ایک واضح اور مضبوط سوچ لے کر جاتے ہیں۔ اسی طرح، لوگوں نے ان حملوں کے جواب میں جس طرح ردعمل ظاہر کیا، وہ اُس کی ستائش بھی کرتے ہیں ۔”
راچ کہتے ہیں، “خواہ یہ ‘ٹوِن ٹاورز’ کی جانب تیزی سے بڑھتے ہوئے موقعے پر سب سے پہلے پہنچنے والے ہنگامی کارکن تھے، یا لوگوں کی جانیں بچانے، بحالی اور صفائی کا کام کرنے میں مدد کرنے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والے محنت کش تھے یا اس واقعے کے بعد مدد کے لیے جو کچھ وہ کر سکتے تھے اُس کی پیشکش کرنے والے دنیا بھر کے لوگ تھے، اِن سب کا عمل اُس دن کی وحشتناکی کے برعکس ایک دوسرا رُخ بھی پیش کرتا ہے۔”
حملوں کے بعد دوسرا دن یعنی 12 ستمبر 2001 دنیا بھر سے رحمدلی کے جذبات کے اُمڈ آنے کے آغاز کا دن ہے۔ اِس رحمدلی نے بہت سے امریکیوں کو سنبھلنے میں مدد دی۔
راچ کہتے ہیں کہ 9/11 کے بعد عام لوگوں کا احساس “ہمیں یاد دلاتا ہے کہ بےقابو حالات کے باوجود بھی ہمیں اپنے ردعمل پر اختیار رہتا ہے۔”
11 ستمبر کی قومی یادگار اور عجائب گھر نائن الیون کی برسی والے دن یا اس کے قریب قریب ہر سال باہمی تعامل کا ایک مفت پروگرام پیش کرتا ہے۔ یہ پروگرام حملوں اور اس کی یاد منانے کی اہمیت کے بارے میں جاننے کے لیے شرکاء کو عجائب گھر کے عملے کے اراکین اور مہمان مقرر کے ساتھ جوڑتا ہے۔
یہ مضمون ایک بار پہلے 11 ستمبر 2017 کو بھی شائع ہو چکا ہے۔