ایک خاتون اپنے شمسی سوٹ کیس کے ذریعے صحت عامہ میں تبدیلی لے آئی

لارا سٹیچل ‘وی کیئر سولر’ نامی کمپنی کی شریک بانی ہیں جو ایسے ‘شمسی سوٹ کیس’ تیار کرتی ہے جن کی مدد سے ان علاقوں میں روشنی پیدا کرنے اور طبی آلات کے استعمال میں مدد ملتی ہے جہاں بجلی کی ترسیل کا قابل اعتبار نظام موجود نہیں ہوتا۔

سٹیچل جیسی کاروباری خواتین کو اس ہفتے بھاررت کے شہر حیدرآباد میں کاروباری نظامت کاری کی عالمی کانفرنس میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ یہ خواتین زندگیوں میں تبدیلی لا رہی ہیں اور معاشی ترقی میں اضافہ کر رہی ہیں۔ سٹیچل اپنی تنظیم اور اُن مسائل کے بارے میں بتا رہی ہیں جن پر انہوں نے قابو پایا۔

آپ کو اس کام کا خیال کیسے آیا اور آپ نے کیسے اسے غیرمنفعتی تنظیم میں تبدیل کیا؟

نجی طور پر سالہا سال تک حاملہ خواتین اور بچوں کی پیدائش کی ایک ماہر ڈاکٹر کی حیثیت سے کام کرنے کے بعد میں نے صحت عامہ کا مضمون پڑھنا شروع کیا۔ 2008 میں صحت کے نظام کا مطالعہ کرنے میں نائجیریا کے ایک ہسپتال میں گئی۔ میں یہ دیکھ کر ہکا بکا رہ گئی کہ اس ہسپتال میں کبھی کبھار ہی بجلی آتی ہے اور دن میں 12 گھنٹے بجلی کا نام و نشان تک نہیں ہوتا۔ میرے شوہر نے ہسپتال کے لیے شمسی بجلی کا نظام تیار کیا اور شرح اموات میں کمی آ گئی۔ اس کے بعد بہت سے کلینک ہم سے شمسی توانائی مانگنے لگے اور ہم نے اس کا حل شمسی سوٹ کیس کی صورت میں نکالا جسے ہر ایسے کلینک میں باآسانی لے جایا جا سکتا ہے جہاں بجلی کی قابل اعتبار ترسیل کی ضرورت ہو۔ ہم نے رضاکارانہ طور پر کام شروع کیا اور پھر اس شمسی بجلی کو ہر جگہ پہنچانے کے لیے اسے غیرمنفعتی کاروبار میں تبدیل کر دیا۔

Woman holding yellow suitcase in boat with other people standing nearby in shallow water (Courtesy of Laura Stachel)
(Courtesy photo)

ایک خاتون کارباری منتظم کی حیثیت سے کیا آپ نے کبھی مشکلات کا سامنا کیا ہے؟

میں نہیں سمجھتی کہ مجھے عورت ہونے کے ناطے کبھی پیچھے ہٹنا پڑا ہو۔ میرے بیشتر مسائل کا تعلق کاروباری تجربے، بشمول غیرمنفعتی کاروبار کے بارے میں سمجھ بوجھ میں کمی سے متعلق تھا۔ میں زچہ کی صحت میں بہتری کے حوالے سے پرجوش تھی  …  مگر مجھے مصنوعات سازی، ترسیلی سلسلوں، نقل و حمل، عالمی پروگرامنگ اور انتظامی امور کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ مجھے ایسے رہنماؤں کی ضرورت تھی جو میری مدد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ایسی ٹیم تشکیل دے سکیں جس کی بدولت صحت عامہ کے میدان میں میری صلاحیتیں مکمل طور سے روبہ عمل آ جائیں۔

Woman opening yellow suitcase as man looks on (Courtesy of Laura Stachel)
لارا سٹیچل ملاوی میں شمسی سوٹ کیس کے ساتھ ۔ (Courtesy photo

آپ کاروبار یا غیرمنفعتی ادارہ شروع کرنے کا خواب دیکھنے والی لڑکیوں کو کیا مشورہ دینا چاہیں گی؟

آپ کو آغاز ہی میں تمام سوالوں کے جوابات جاننے یا کسی ماسٹر پلان کی ضرورت نہیں ہوتی۔ آپ کے لیے صرف اُس چیز کو تلاش کرنا ضروری ہوتا ہے جس کا آپ کو شوق ہے۔ اگر آپ کسی مسئلے کے چھوٹے سے حصے کو بھی حل کر سکتی ہیں تو یہ آپ کو درست راہ پر لے جائے گا اور آپ کو ایسے مسائل کا سامنا کرنے کے قابل بنائے گا جنہیں آپ حل کر سکتی ہیں۔

اس کام میں آپ کے لیے سب سے زیادہ اطمینان بخش بات کیا ہوتی ہے؟

مجھے دنیا کے متنوع معاشروں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے والوں سے ملنے، ان کی زندگی کے بارے میں جاننے اور ان کے کام میں مدد کے طریقے ڈھونڈ کر بہت اچھا محسوس ہوا۔ وہ مجھے بتاتے ہیں کہ جب ہم نے انہیں  شمسی بجلی سے روشنی فراہم کی تو ان کے طبی مراکز کی حالت بدل گئی۔ دنیا میں صحت عامہ کے لاکھوں مراکز کو بجلی درکار ہے۔ شکر ہے کہ میں ایسے لوگوں کا حصہ ہوں جو اس عالمگیر مسئلے کے حل کے لیے کام کر رہے ہیں۔

عالمی ترقی کے امریکی ادارے، یو ایس ایڈ کی جانب سے مفصل صورت میں یہ مضمون ‘میڈیم ڈاٹ کام ‘پر کاروباری نظامت کاری کی عالمی کانفرنس کے سلسلے میں شائع کیا جا چکا ہے۔