ممکن ہے گوئٹے مالا سٹی اور قریب ہی واقع انٹیگوا کے پیدل چلنے والے مصروف بازاروں میں گاڑیاں تو نہ ہوں مگر اب وہاں سائیکل سوار پولیس یونٹوں کے افسرسائیکلوں پر گشت کرتے ہیں۔

پولیس اور عوام کے تعلقات کو بہتر بنانے اور مقامی لوگوں اور سیاحوں کے تحفظ کے لیے، سائیکل سوار پولیس کی گشت، گوئٹے مالا کے ایک قومی پروگرام کا حصہ ہے۔

Police officer pushing man in wheelchair (U.S. Embassy Guatemala)
سائیکل سوار پولیس کے حامیوں کا کہنا ہے کہ لوگ سائیکلوں پر سوار افسروں سے مدد مانگنے میں آسانی محسوس کرتے ہیں۔ (U.S. Embassy Guatemala)

2016ء میں سائیکل پر گشت کرنے والے پولیس کے افسروں کی گریجوایشن کی تقریب کے موقع پر، قومی پولیس سروس کے ڈائریکٹر جنرل، نیری راموس نے کہا کہ سائیکل پر کی جانے والی گشتوں کا مقصد “افسروں کا عوام کے ساتھ گھلنا ملنا ہے” جس سے اعتماد پیدا ہوتا ہے۔

اِس پروگرام کے حامی کہتے ہیں کہ اس کے بہتر نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ وزیر داخلہ، فرانسسکو ریواس کہتے ہیں کہ اِس پروگرام کی وجہ سے سیاحوں کے خلاف جرائم کے واقعات میں کمی آئی ہے۔

سائیکل سوار پولیس کی گشت کے اس پروگرام کا آغاز 2015ء میں اس وقت ہوا جب 26 افسر تربیت حاصل کرنے کے لیے ریاست فلوریڈا میں واقع، میامی- ڈیڈ کے حفاظتی ادارے میں پہنچے۔ کل 26 افسر تھے جن میں سے 16 کا تعلق قومی پولیس اور 10 کا تعلق میونسپل ٹرانزٹ پولیس سے تھا۔ جب یہ تربیت یافتہ افسر گوئٹے مالا واپس لوٹے تو انہوں نے اپنے 450 مزید ساتھیوں کو اُن تکنیکوں کی تربیت دی جو سائیکل سوار پولیس استعمال کرتی ہے۔

راموس نے سائیکل سوار پولیس کے بہت سے واضح فوائد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ سائیکل سوار پولیس مندرجہ ذیل کام کرسکتی ہے:

  • پولیس وہاں جا سکتی ہے جہاں گاڑیاں نہیں جا سکتیں۔ یہ بات اہم ہے کیونکہ شہرمصروف مارکیٹوں اور صرف پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے گئے مالز سے بھرے پڑے ہیں۔
  • پولیس زیادہ آسانی سے مجرموں کا پیدل پیچھا کر سکتی ہے اور اُنہیں پکڑ سکتی ہے۔
  • پولیس ایسی ٹرانسپورٹ استعمال کرتی ہے جس پر کاروں یا موٹر سائیکلوں کی نسبت کم خرچ آتا ہے اور جس کی زیادہ دیکھ بھال بھی نہیں کرنا پڑتی۔
Police officer standing near bike and shaking man's hand (U.S. Embassy Guatemala)
کمیونٹی میں کام کرنے سے، سائیکل سوار پولیس افسروں کی مقامی لوگوں کے ساتھ واقفیت پیدا ہوتی ہے۔ (U.S. Embassy Guatemala)

اس سے بھی زیادہ اہم یہ بات ہے کہ پولیس کے عام شہریوں کے ساتھ تعلقات پیدا ہوتے ہیں۔ کیونکہ وہ لوگوں کے درمیان اور کھلی جگہ پر ہوتے ہیں اور دیکھ سکتے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے، لہذا لوگ مدد لینے اور مسائل کی اطلاع دینے میں جھجک محسوس نہیں کرتے۔

امریکہ کی طرف سے سائیکلوں اور آلات کے ابتدائی عطیات کے بعد، گوئٹے مالا کی حکومت نے اس تربیت کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔ اب پولیس افسروں کو تکنیکی تربیت دی جاتی ہے جس میں اُنہیں سکھایا جاتا ہے کہ سائیکل کو خطرناک صورت حال میں کس طرح ڈھال یا ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ہے اور پُرہجوم بازاروں میں کس طرح تیزی سے اپنے فرائض ادا کرنا ہیں۔

راموس کا منصوبہ ہے کہ گوئٹے مالا کے طول و عرض میں اِس پروگرام کو پھیلا کر، سائیکل سوار پولیس افسروں کی تعداد 2,000 سے زائد کر دی جائے۔ خطے کے دوسرے ممالک بھی اِس پر توجہ دے رہے ہیں۔ کوسٹا ریکا، ہونڈوراس اور کولمبیا، سب نے قومی پولیس سے رابطہ کیا ہے اور اپنے اپنے ملکوں میں سائیکل سوار پولیس افسروں کی گشت  میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔