صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا نے جاپان کے وزیراعظم شِنزو ایبے اور اُن کی اہلیہ آکی کو، فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ پر 10 اور 11 فروری کے اختتامِ ہفتہ خوش آمدید کہا۔
اس دورے کے دوران دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور جاپان کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ 10 فروری کو صدر اپنے خصوصی طیارے ‘ایئر فورس ون’ میں جاپانی وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کے ہمراہ واشنگٹن سے فلوریڈا روانہ ہوئے۔ روانگی سے قبل صدر نے وائٹ ہاؤس میں کہا، “ہماری دونوں اقوام کے درمیان انتہائی مضبوط بندھن اور ہمارے ممالک کے عوام کے درمیان انتہائی گہری دوستی پائی جاتی ہے۔”
ٹرمپ نے کہا، “یہ انتظامیہ اِن تعلقات کو قریب سے قریب تر لانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ہم جاپان اور اس کے انتظامی اختیار میں آنے والے تمام علاقوں کی سلامتی اور اپنے انتہائی اہم اتحاد کو آگے بڑہانے کے لیے پُرعزم ہیں۔”
ایبے نے کہا، ” جاپان اور امریکہ کے درمیان اتحاد کو ایشیا اور بحرالکاہل کے علاقے میں امن اور خوشحالی میں ایک بنیادی حیثیت حاصل ہے اور ہمارے دونوں ممالک کے درمیان مستقل رشتے ہیں۔ میں اور صدر ٹرمپ اکٹھے مل کر اس اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔”
ٹرمپ اور ایبے پہلی مرتبہ نومبر 2016 میں نیویارک سٹی میں ملے تھے۔ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد ایبے کا امریکہ کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔
“میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ ہر ایک یہ سمجھے اور پورے طور پر جان لے کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ، اپنے عظیم اتحادی، جاپان کی پُشت پر سو فیصد کھڑا ہے۔”
صدر ٹرمپ
دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور جاپان کے درمیان تجارت کو بہتر بنانے اور مستقبل میں امریکہ میں جاپان کی سرمایہ کاری پر بھی تبادلہِ خیال کیا۔ ایبے نے جاپان کی تیز رفتار ٹرینوں کی ٹکنالوجی کا ایک ایسے عنصر کے طور پر ذکر کیا جو امریکہ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا سکتا ہے۔
یہ مذاکرات امریکہ اور جاپان کے درمیان ہونے والے حالیہ روابط کو آگے بڑہاتے ہیں۔ دونوں ممالک دوسری جنگ عظیم میں ہونے والی تباہی کو تسلیم کرتے ہیں اور وزیر دفاع جِم میٹس نے اپنے اولین غیرملکی دورے پر جاپان جا کر اس امر کا ثبوت دیا۔
20 جنوری کو صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ٹرمپ سے ملنے والے ایبے، دوسرے غیرملکی مہمان ہیں۔
Having a great time hosting Prime Minister Shinzo Abe in the United States! https://t.co/Fvjsac89qS https://t.co/OupKmRRuTI pic.twitter.com/smGrnWakWQ
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) February 11, 2017
ٹرمپ اور ایبے نے 11 فروری کی صبح گالف کھیلی۔
دونوں خواتین اول نے اسی اثناء میں موری کامی میوزیم دیکھا اور جاپانی باغات کی سیر کی۔ ثقافتی اہمیت کے حامل ان باغات کی بنیاد 20ویں صدی کے شروع میں جاپانی کاشت کاروں نے رکھی تھی۔
ایبے اور ان کی اہلیہ 11 فروری کی شام کو جاپان روانہ ہو گئے۔