امریکہ، کینیڈا، اور میکسیکو کی 2026 ء کے عالمی کپ کی مشترکہ میزبانی کی تاریخی کوشش

تاریخ میں پہلی بار دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹبال کے عالمی کپ کی صورت میں ہونے والے سب سے بڑے مقابلوں کا تین ممالک میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔

عام طور پر ہر چار سال بعد ہونے والے جنون کی حد تک مقبول فٹبال کے اس عالمی ٹورنامنٹ کے لیے کسی ایک ملک کو چُنا جاتا ہے۔ مگر 2026ء کے عالمی کپ کے  پھیلاؤ کی وجہ سے امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا نے اِس ٹورنامنٹ میں کھیلے جانے والے 80 میچوں کی میزبانی کرنے کے لیے ایک مشترکہ تجویز کا اعلان کیا ہے۔

فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا، 2020ء میں اِس بات کا فیصلہ کرے گی کہ 2026ء کا عالمی کپ کہاں منعقد ہوگا۔

امریکہ کی فٹبال کی فیڈریشن کے سنیل گولاتی کہتے ہیں، "ہمارا خیال ہے کہ یہ ایک بہت بڑا مثبت اشارہ ہونے کے ساتھ ساتھ  اِس بات کی ایک بہت بڑی علامت بھی ہوگی کہ ہم اکٹھے مل کر لوگوں کو متحد کرنے کے لیے کیا کچھ کر سکتے ہیں۔”

میکسیکو کی فٹبال فیڈریشن کے صدر، ڈیسیو دو ماریا کہتے ہیں کہ امریکہ اور کینیڈا کے ساتھ ایک امیدوار کی حیثیت سے شامل ہونا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر یہ تجویز مان لی جاتی ہے تو میکسیکو فٹبال کے تین عالمی کپوں کی میزبانی کرنے والا اولین ملک ہو گا۔ میکسیکو اس سے پہلے 1970 اور 1986 میں عالمی کپ کی میزبانی کر چکا ہے۔

اگر اِن کی تجویز منظور کر لی گئی تو امریکہ میں 60 جبکہ میکسیکو اور کینیڈا میں دس دس میچ کھیلے جائیں گے۔ امریکہ نے 1994ء میں عالمی کپ کی میزبانی کی جس میں تماشائیوں کی ایک ریکارڈ توڑ تعداد میچ دیکھنے آئی جبکہ میکسیکو سٹی کے تاریخی ایزٹیکا سٹیڈیم میں افتتاحی میچ دیکھنے کے لیے 87,000  تماشائی آئے۔

2026ء کے عالمی کپ کے لیے میزبان شہروں کے بارے میں تفصیل کا اعلان ابھی کیا جانا ہے۔ مگر اس کوشش کے  امریکہ کے حصے کا انحصار میسا چوسٹس سے لے کر ٹیکسس اور کیلی فورنیا تک پھیلے ہوئے امریکی فٹبال کے سٹیڈیموں پر ہو گا۔

میکسیکو اپنے ایزٹیکا سٹیڈیم کے علاوہ مستقبل میں مونٹیری اور گواڈالاہارا میں تعمیر کیے جانے والے سٹیڈیموں کو بھی استعمال میں لائے گا۔

کینیڈا کی نظریں 56,000 تماشائیوں کی گنجائش والے البرٹا میں واقع  دولتِ مشترکہ کے سٹیڈیم پر جمی ہوئی ہیں جسے 2015ء  کے خواتین کے عالمی کپ کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

2014ء  میں برازیل میں ہونے والے فیفا کے عالمی کپ کو دنیا بھر میں ٹیلی ویژن پر دیکھنے والوں کی تعداد 3 ارب 20 کروڑ تک پہنچ گئی تھی۔ فیفا  نے عالمی کپ میں کھیلنے والی اقوام کی تعداد 32  سے بڑھا کر 48 کر دی ہے اور اس اضافے کے ساتھ ہونے والا پہلا عالمی کپ 2026ء میں کھیلا جائے گا۔

تین ممالک میں ہونے والے 80 میچوں کے دوران  آپ بہت کچھ  دیکھ سکتے ہیں۔

اس مضمون کی تیاری میں ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں سے استفادہ کیا گیا ہے۔