عالمی خلائی ہفتہ 2017 : خلائی جستجو کا جشن

اس ہفتے آپ زمین پر سب سے بڑی خلائی تقریب کا ایک حصہ بن سکتے ہیں۔ اور ممکنہ طور پر کائنات کا۔

نیروبی، کینیا سے لے کر ناگویا، جاپان تک،  دنیا بھر کے شہر 4 تا 10 اکتوبر عالمی خلائی ہفتہ منانے کے لیے ہزاروں خلائی تقریبات کی میزبانی کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ نے سب سے پہلے عالمی خلائی ہفتے کا اعلان 1999ء میں کیا۔ 2007ء کے بعد اب تک، 20 لاکھ افراد اس میں حصہ لے چکے ہیں۔ یہ سال خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ 2017 کا سال خلائی جستجو کے لحاظ سے ایک کامیاب سال رہا:

یورپی خلائی ادارے اور اطالوی خلائی ادارے کے ساتھ ناسا کا زحل کے لیے کسینی کا مشترکہ مشن، آٹھ ارب کلومیٹر کے سفر اور دو دہائیوں کی دریافتوں کے بعد ایک “عالی شان اختتام” کو پہنچا۔

  • ناسا نے خلابازوں کی ایک بالکل نئی کلاس کا اعلان کیا جو مریخ پر قدم رکھنے والے پہلے انسان ہوں گے۔
  • گوگل لونر ایکس پرائز  کے ایک حصے کے طور پر، بھارت، جاپان، اسرائیل اور دیگر ممالک کی ٹیموں میں، نجی مالی اعانت سے چاند پر بھیجے جانے والے پہلے نجی مشن کے لیے دوڑ لگی ہوئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے “خلا میں امریکی قیادت کی روایت کو بحال کرنے کا” عہد کیا ہے۔ انہوں نے 30 جون کو امریکہ کی قومی خلائی کونسل کی دوبارہ تشکیل کے انتظامی حکمنامے  پر دستخط کرتے وقت کہا، “خلائی تحقیق نہ صرف ہمارے قومی کردار کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ ہماری معیشت اور ہماری قوم کی سلامتی کے لیے بھی اہم ہے۔”